تازہ ترین

چترال سکاؤٹس ہسپتال میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، 2176 مریضوں کا معائنہ اور مفت ادویات کی تقسیم

​چترال (چترال ایکسپریس) پاک فوج دفاعِ وطن کے فرائض کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود اور انسانی خدمت کے جذبے کے تحت بھی سرگرمِ عمل ہے۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کی خصوصی ہدایت پر چترال سکاؤٹس ہسپتال میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے نے مردوں، خواتین اور بچوں سمیت مجموعی طور پر 2,176 افراد کا طبی معائنہ کیا۔

​کیمپ میں میڈیکل، سرجیکل، چائلڈ، سکن، گائناکالوجی، ای این ٹی، ڈینٹل اور امراضِ خون سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین نے خدمات انجام دیں۔ مریضوں کو بخار، دمہ، خون کی کمی، نمونیا، وٹامنز کی کمی اور جوڑوں کے درد سمیت دیگر امراض کے علاج کے ساتھ ساتھ زخموں کی مرہم پٹی، الٹراساؤنڈ، لیبارٹری ٹیسٹ، ایکسرے اور ای سی جی کی مفت سہولیات فراہم کی گئیں۔ کیمپ کے دوران مریضوں میں تقریباً 21 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کی ادویات بھی مفت تقسیم کی گئیں۔

​اس موقع پر میجر ڈاکٹر آصف نیازی نے بتایا کہ آئی جی ایف سی نارتھ کی ہدایت پر چترال سکاؤٹس ہسپتال میں صحت کارڈ کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت فی مریض تقریباً دو سے چار لاکھ روپے تک کا علاج مفت میسر آ رہا ہے۔ اس سہولت میں مختلف اقسام کے ٹیسٹ، سی ٹی اسکین، بایوپسی، گردے کی پتھری کا علاج، اپینڈکس کے آپریشن اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی دیگر سہولیات شامل ہیں۔

​کیمپ میں شریک لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر مظفر، ڈاکٹر شیزہ طارق، ڈاکٹر رتبہ امجد، ڈاکٹر سارہ، میجر ڈاکٹر حنا واحد اور دیگر ماہر ڈاکٹروں نے کہا کہ چترال میں بعض بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی سہولیات محدود ہونے کے باعث مریضوں کو پشاور ریفر کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں سفری دشواریوں اور مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے کیمپس کے انعقاد سے امراض کی بروقت تشخیص اور مقامی سطح پر علاج کی سہولت میسر آتی ہے، جو دور دراز علاقوں کے عوام کے لیے انتہائی مفید ہے۔

​مقامی شہریوں اور کیمپ سے مستفید ہونے والے مریضوں نے پاک فوج اور چترال سکاؤٹس ہسپتال کی انتظامیہ و طبی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عوامی خدمت کے اقدام کو سراہا اور انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

زر الذهاب إلى الأعلى