
گولین گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ چترال میں سکیورٹی کے حوالے سے موک ایکسرسائز کا کامیاب انعقاد
چترال (چترال ایکسپریس):موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لوئر چترال کے تمام حساس مقامات کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کی تیاریوں کو پرکھنے کے لیے گولین گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں ایک بڑی موک ایکسرسائز (ریہرسل) کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مشق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے خصوصی احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان کی براہ راست نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
موک ایکسرسائز کے دوران فرضی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ (BDS) اور کے نائن (K-9) یونٹ کے جوانوں نے بھرپور حصہ لیا۔ اس مشق کا مقصد سکیورٹی اداروں کی باہمی کوآرڈینیشن، ردِ عمل کے وقت اور ہنگامی حالات میں بروقت جوابی کارروائی کی صلاحیت کا جائزہ لینا تھا۔
انتظامیہ اور سکیورٹی حکام کے مطابق اس قسم کی مشقیں حساس تنصیبات کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی الرٹ کو ہائی لیول پر رکھنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
