تازہ ترین

پریس کلب اپر چترال کے زیر اہتمام ”سوشل میڈیا اور ہماری ذمہ داری“ کے موضوع پر ایک روزہ خصوصی سیشن کا انعقاد

اپر چترال (جمشید احمد): پریس کلب اپر چترال کے زیر اہتمام ”سوشل میڈیا اور ہماری ذمہ داری“ کے موضوع پر ایک روزہ خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اپر چترال ڈاکٹر فرمان ولی نے کی۔ تقریب میں پریس کلب کے صحافیوں سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سوشل میڈیا کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال، اس کے فوائد و نقصانات، اور غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ سے مثبت صحافت کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا خبر رسانی اور عوامی شعور بیداری کا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے، تاہم بغیر تحقیق کے خبریں اور افواہیں پھیلانا معاشرتی ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ صحافت دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو اخلاقی اقدار، صداقت اور ذمہ داری کو مقدم رکھنا چاہیے تاکہ سوشل میڈیا کو مثبت اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

تقریب سے اسماعیلی طریقیہ بورڈ اپر چترال کے اسکالر عبادالرحمن عباد، ڈاکٹر فرمان ولی، معروف شاعر و مصنف ذاکر محمد زخمی، اشفاق احمد (جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی اپر چترال)، معروف ماہرِ تعلیم علی دانہ خان، محسن الملک (اے ایس آئی) اور سہیل احمد (جنرل سیکریٹری پریس کلب) سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر مختلف سیشنز اور اگاہی پروگرامات کے انعقاد پر پریس کلب کے صدر اور اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شہزاد احمد نے انجام دیے۔

زر الذهاب إلى الأعلى