تازہ ترین

حمزہ شہباز شریف کو وزیرِ اعظم انسپکشن کمیشن کی جانب سے چترال کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ

​ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت یقینی بنائی جائے، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت؛ چترال شندور، بمبوریت، گرم چشمہ اور لواری ٹنل ایکسس روڈز پر پیش رفت کا جائزہ

​چترال (چترال ایکسپریس) سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کو وزیرِ اعظم انسپکشن کمیشن (PMIC) کے حوالے سے ایک اہم اور تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں سرکاری اداروں کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور بالخصوص چترال میں جاری میگا ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

​بریفنگ کے دوران چترال کے اہم مواصلاتی منصوبوں جن میں چترال شندور روڈ، چترال بمبوریت (کیلاش ویلیز) روڈ، گرم چشمہ روڈ، تورکہو روڈ اور لواری ٹنل ایکسس روڈ شامل ہیں، پر جاری تعمیراتی کاموں کی ویڈیوز اور سلائیڈز دکھائی گئیں۔ اس موقع پر مختلف منصوبوں میں شفافیت اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

​اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے، عوامی وسائل کے درست و مؤثر استعمال، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور انتظامی معاملات میں جوابدہی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے منصوبوں میں شفافیت، کڑی نگرانی اور نتائج پر مبنی حکمتِ عملی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد مل سکیں۔

​واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے حمزہ شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کر کے چترال کی خستہ حال سڑکوں اور تعمیراتی منصوبوں میں درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا تھا۔ دریں اثنا، نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ نے چترال کے عوامی مسائل پر فوری توجہ دینے اور اس اہم اجلاس کے انعقاد پر حمزہ شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

زر الذهاب إلى الأعلى