
چترال سے تعلق رکھنے والے ضیاء الرحمن ڈپٹی سیکریٹری دفاع تعینات
چترال (چترال ایکسپریس) چترال سے تعلق رکھنے والے گریڈ 19 کے افسر ضیاء الرحمن کو وفاقی وزارتِ دفاع ڈویژن میں ڈپٹی سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق سیکریٹریٹ گروپ کے افسر ضیاء الرحمن کو ڈپٹی سیکریٹری دفاع ڈویژن مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ سید عرفان حسین شاہ کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ضیاء الرحمن
کا تعلق چترال کے ایک معروف علمی و قانونی گھرانے سے ہے۔ وہ چترال کے نامور قانون دان اور معروف پولو پلیئر ولی الرحمن مرحوم کے فرزند ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی لندن میٹروپولیٹن یونیورسٹی سے قانون میں ماسٹرز (LLM) جبکہ یونیورسٹی آف یارک سے چیوننگ اسکالرشپ کے تحت ماسٹرز اِن پبلک ایڈمنسٹریشن (MPA) کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
ان کی اہم وفاقی وزارت میں تعیناتی پر چترال کے مختلف حلقوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
