تازہ ترینمضامین

بچوں کے معاملے میں والدین کی عدم توجہی۔۔تحتریر:سید اکرم علی شاہ عیان

لفظ “بچہ “جب بھی ذہن میں آتا ہے تو اس کے ساتھ کچھ ایسی خصوصیات اور رویے بھی ذہن میں آتے ہیں جو بچے کی معصومیت اور فطری فہم کی عکاسی کرتے ہیں۔ جیسے کہ صاف دلی، غیر معمولی حرکات، محبت و نفرت کو جلد سمجھنے کی صلاحیت، اور اپنی فطرت کے مطابق چیزوں کو پسند یا ناپسند کرنے کا رویہ۔

بظاہر یہ باتیں معمولی دکھائی دیتی ہیں، لیکن جب ان کی گہرائی میں جاکر غور کیا جائے تو یہ خصوصیات بچے کی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہی عوامل آگے چل کر بچے کی نفسیات میں محبت، نفرت، برداشت اور جذبات کے دیگر رنگوں کو جنم دیتے ہیں۔

اگر ان تمام باتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ ان کی جڑ والدین کے طرزِ عمل میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ یہی طرزِ عمل بچوں میں منتقل ہوتا ہے۔ جب والدین بچوں کی جذباتی اور نفسیاتی کیفیت کو نظر انداز کرتے ہیں، تو وہ غیر محسوس طریقے سے ان کے نظم و ضبط، سماجی میل جول اور شخصیت سازی کو متاثر کرتے ہیں۔

والدین کی عدم توجہی بچوں کی شخصیت میں ایسی کمزوریاں پیدا کر دیتی ہے جو آگے جا کر ان کی ذہنی نشوونما میں رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ بچپن کا ذہن نہایت حساس اور “مقناطیسی” نوعیت کا ہوتا ہے(یعنی وہ ہر بات کو فوراً جذب کر لیتا ہے اور اسے اپنے مزاج کا حصہ بنا لیتا ہے)- اس نازک ذہن کو جب منفی رویے، سخت زبان، یا بے جا تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو یہ عوامل اس کی معصوم نفسیات پر گہرے اثرات چھوڑتے ہیں۔

تعلیمی اداروں میں موجود اساتذہ روزانہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں بچوں سے روبرو ہوتے ہیں۔ اسمبلی، کلاس روم اور کھیل کے دوران بچوں کا باہمی برتاؤ، گفتگو کا انداز اور نشست و برخاست یہ واضح کرتی ہے کہ وہ کس گھریلو ماحول سے آئے ہیں۔ ان کے والدین، بہن بھائی اور دیگر قریبی رشتوں کا ان پر کیا اثر ہے، یہ سب ان کی حرکات و سکنات سے ظاہر ہوتا ہے۔

عام طور پر جب بچے اسکول سے کسی خاص رویے یا عادت کے ساتھ گھر جاتے ہیں، تو والدین شکایت کرتے ہیں کہ یہ سب کچھ اسکول سے سیکھا ہے۔ دوسری طرف، اساتذہ کا کہنا ہوتا ہے کہ بچہ جو کچھ کرتا ہے، وہ گھریلو تربیت کا نتیجہ ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ ان دونوں میں درست کون ہے؟ والدین یا اساتذہ؟ یہ سوال محض اختلافِ رائے نہیں، بلکہ ایک بڑا سماجی مسئلہ بھی ہے۔

اسی اہم سوال کا تجزیہ اور ممکنہ حل ہم آئندہ حصے میں پیش کریں گے، ان شااللہ

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock