تازہ ترین

چترال: انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کی نئی کابینہ کا اعلان، پرانی قیادت پر اعتماد برقرار

چترال (چترال ایکسپریس) انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کی کابینہ کی مدت مکمل ہونے پر نئی کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال چترال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حلقہ چترال کے اراکین، شعراء، ادباء اور زبان و ثقافت سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انجمن کی گزشتہ تین سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس میں کھوار زبان و ادب کے فروغ، ادبی نشستوں کے انعقاد، نوجوان شعراء کی حوصلہ افزائی اور ثقافتی سرگرمیوں کے تسلسل کو نمایاں کامیابیاں قرار دیا گیا۔ شرکاء نے متفقہ طور پر موجودہ کابینہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے ذمہ داری، خلوص اور محنت کی عمدہ مثال قرار دیا۔

اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ پرانی کابینہ کو آئندہ تین سال کے لیے دوبارہ منتخب کیا جائے۔ بعد ازاں نو منتخب عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا گیا، جن کے مطابق شاہجہان سرپرست اعلیٰ، معیز الدین بہرام ایڈوکیٹ صدر، جاوید اقبال سینئر نائب صدر، علمگیر بخاری نائب صدر، عبداللہ شہاب جنرل سیکرٹری، جاوید اختر جواد انفارمیشن سیکرٹری، انصار الٰہی نعمانی خزانچی جبکہ فیضا علی فیضان جائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔

اس موقع پر نو منتخب صدر معیز الدین بہرام ایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر ایک بار پھر اعتماد کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ انجمن کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے اور کھوار زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس سے مرکزی انجمن ترقی کھوار چترال کے صدر شہزادہ تنویر الملک، محمد عرفان عرفان، افضل اللہ افضل، محمد نواز رفیع، فدا الرحمن فدا، صلاح الدین سالک، محمد جاوید اقبال اور فرید احمد رضا سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے پرانی کابینہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کی دوبارہ نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال مستقبل میں بھی کھوار زبان و ادب کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock