
نہر اتھک ایریگیشن چینل منصوبہ: ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور محکمہ ایریگیشن حکام کا موڑکہو کا دورہ، عوام سے مشاورت
اپر چترال (جمشید احمد) نہر اتھک ایریگیشن چینل منصوبے کے حوالے سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کنسلٹنٹس اور محکمہ ایریگیشن کے نمائندگان نے منگل کے روز وادی موڑکہو کا دورہ کیا،
جہاں کوشٹ سے کشم تک منصوبے سے مستفید ہونے والے افراد اور علاقے کے معززین کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز مولانا کرم الٰہی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد سابق چیئرمین حاجی حسین شاہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے نہر اتھک چینل کی تاریخ اور علاقے میں آبپاشی کے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت، ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور متعلقہ اداروں سے عملی اقدامات کی اپیل کی، جبکہ عوام کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
محکمہ ایریگیشن کے حکام اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کنسلٹنٹس نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے منصوبے کی تکمیل کے لیے سنجیدہ ہیں اور عوامی تحفظات کو دور کرتے ہوئے علاقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوامی آراء کو سراہتے ہوئے منصوبے کی کامیابی کے لیے مقامی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس کے دوران
میر ایوب، سابق ہیڈ ماسٹر محمد حبیب، ظفر حسین شاہ، محی الدین (سابق ناظم کوشٹ)، انعام اللہ سمیت دیگر مقررین نے اپنے تحفظات، خدشات اور تجاویز پیش کیں، جنہیں حکام نے غور سے سنا اور جلد از جلد مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ اعلیٰ حکام عنقریب موڑکہو کا دورہ کریں گے۔
پروگرام کے اختتام پر سابق تحصیل ناظم مولانا یوسف نے دعائیہ کلمات ادا کیے، جبکہ نظامت کے فرائض سماجی شخصیات احسان الحق اور ضیاء الدین نے انجام دیے۔
