
اپر چترال موردیر میں صحت کے شعبے میں انقلابی قدم، ڈیجیٹل کلینک کا آغاز
اپرچترال (رپورٹ کریم اللہ )اپر چترال کے دُورافتادہ علاقہ موردیر میں صحت کے مسائل و مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل کلینک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں ایک مختصر افتتاحی تقریب موردیر میں منعقد ہوئی جس میں
موردیر، کوشث اور دیگر قریبی علاقوں سے تعلق رکھنے والی سماجی، سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈیجیٹل کلینک کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلات فراہم کی گئیں اور باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
واضح رہے کہ موردیر، اس سے ملحقہ دیہات اور پورے موڑکھو میں صحت کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ ایسے میں ہاشو فاؤنڈیشن پاکستان اور ایز شفا فاؤنڈیشن پاکستان کی معاونت سے موردیر میں واقع شاہدہ میٹرنٹی اینڈ ہیلتھ کیئر یونٹ میں ڈیجیٹل کلینک کا قیام ایک بڑی پیش رفت ہے،اور یہ قدم ینگ ویلفیرآرگنائزیشن (YWO)موردیر کی معاونت سے یہ ممکن ہوا۔
اس کلینک کے ذریعے ملک کے مستند اور تجربہ کار ڈاکٹرز سے آن لائن براہِ راست معائنہ کرایا جا سکے گا۔ یہ سہولت پیر سے جمعہ تک صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک دستیاب ہوگی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس ڈیجیٹل کلینک میں ہر قسم کی بیماریوں کا معائنہ نہایت معقول فیس میں فراہم کیا جائے گا اور مریض ویڈیو لنک کے ذریعے براہِ راست اپنے مسائل اور بیماریوں کے بارے میں ڈاکٹر سے گفتگو کر سکیں گے۔ یہ اقدام بلاشبہ علاقے میں صحت کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے۔
