چترال لوئر ڈویژن کی سطح پر نعت اور اردو میں تقریری مقابلے منعقد
چترال (چترال ایکسپریس) گورنمنٹ سینٹینل ماڈل سکول کے ہال میں ڈویژن کی سطح پر نعت اور اردو میں تقریری مقابلے منعقدہوئے جن میں اپر چترال، لویر چترال، اپر دیر اور لویر دیر کی سرکاری سکولوں سے طلباء نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی ای او لویر چترال مفتاح الدین مہمان خصوصی تھے جس نے طلباء میں انعامات تقسیم کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس علاقے میں طلباء میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے جبکہ ضرورت صرف اور صرف ایسے مواقع کی فراہمی کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنا ہے۔ جیوری کے فیصلے کے مطابق نعت خوانی میں گورنمنٹ ہائی سکول ریری اپر چترال کے افضل حیات پہلے نمبر پر، ہائی سکول دیر اپر کے محمد یاسین دوسرے اور ہائی سکول ریشن اپر چترال کے وسیع الرحمن تیسرے نمبر پررہے۔ اسی طرح اردو تقریر کے مقابلے میں ہائی سکول چترال کے صفوان اللہ، ہائی سکول موژگول اپر چترال کے ذیشان احمد اور ہائی سکول لعل قلعہ لویر دیر کے ریحان اللہ بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری انعام کے حقدار ٹھہرے۔
