
لواری ٹنل اور اطراف میں بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع
چترال(چترال ایکسپریس)پیر کے روزلواری ٹنل اور اطراف میں بارش اور ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل اللہ نے لواری ٹنل کا تفصیلی دورہ
کیا۔
دورے کے دوران لیویز پوسٹ، ریسکیو 1122 سٹیشن، سول ڈیفنس کیمپ، ٹورسٹ فیسلیٹیشن سنٹر اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کیمپ میں دستیاب سہولیات، حفاظتی انتظامات اور ایمرجنسی رسپانس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے سیاحوں اور مسافروں کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات کیں۔
انہوں نے سڑک پر جاری سنو کلیئرنس آپریشن کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر مشینری کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے ٹریفک پولیس اور چیک پوسٹس پر موجود اہلکاروں کو ہدایات کیں کہ خراب موسم کے دوران سنو چین لگی گاڑیوں کے علاوہ کسی بھی گاڑی کو آگے جانے کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ مسافروں کے ساتھ تعاون، رہنمائی اور حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
