
سب انسپکٹر دلشاد پری نے انچارج پولیس پوسٹ پرابیگ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
چترال (چترال ایکسپریس)سابق انچارج سوسائیڈ پریونٹیو یونٹ اینڈ جینڈر ریسپانس سنٹر، سب انسپکٹر دلشاد پری نے بطور انچارج پولیس پوسٹ پرابیگ اپنی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیا۔ عہدے کا چارج سنبھالتے ہی انہوں نے اسٹاف کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی جس میں مستقبل کے
لائحہ عمل اور ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سب انسپکٹر دلشاد پری نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے عوام دوست پولیسنگ ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اور عوام کے درمیان تعاون ہی سے ایک پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی دادرسی: بطور خاتون انچارج میری پوری کوشش ہوگی کہ علاقے کی خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور انہیں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو اس زہر کے اثرات سے باخبر رکھا جا سکے۔
سب انسپکٹر نے اپنے اسٹاف کو ہدایت کی کہ بطور ٹیم منشیات کی روک تھام اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس پوسٹ پرابیگ کے حدود میں قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
