مضامین

دھڑکنوں کی زبان……..’’ادریس خان چترال سکاؤٹ کا شیر دل جوان‘‘

’’ محمد جاوید حیات)

آنکھیں چندھاتی گلیشر تھی کئی ہزار فٹ بلندی تھی ۔ کئی فٹ پڑی برف تھی ۔ ٹنٹ (بیوک) لگے تھے۔ وطن عزیز کے شیر دل جوان کسی بھی مصیبت کو اپنی را ہ میں حائل ہونے نہیں دے رہے تھے ۔ ان کی شاہین نگاہیں دشمن پہ لگی تھی ، ان کو سردی ، بھوک شکست نہیں دے سکتی تھی ۔ پاک آرمی ، NLIاور چترال سکاؤٹ کے جوان جمی برف پہ ایڑھیاں ٹیکے کمر بستہ تھے۔ چترال سکاؤٹ کا حوالدار ادریس خان بطور اوبزرور شامل تھا۔ وہ اپنے جوانوں سے ایسی فائر کراتا کہ گولے دشمن کی بندوقوں کی بیرل پہ لگتے ۔ دشمن حیران تھا کہ ایسے عضب کے نشانہ باز کہاں سے آئے۔ جوانوں کا ایک ہی مقصد تھا دین کی سر خروئی اور وطن کی حفاظت۔۔۔ ان کے سامنے دنیا عجیب تھی۔ تہہ بہ تہہ گلیشر، تیز تند ہوائیں ، طوفانی برف باری اوپر سے دشمن کی منحوس گولیاں ۔۔۔ آگ ، خون اور جنون ۔۔۔ جنون کی جنگ بھی کیا عجیب جنگ ہوتی ہے۔ موت تماشا لگتی ہے زندگی مقصد ۔۔ یہ اس قوم کی روایت ہے راہ حق میں قربانی آدم سے شروغ ہوئی ہے۔ فخر موجودات ﷺ کا پاک خون راہ حق میں گرا۔ علی المرتضیؓ نے جنگ بدر میں والید کو پکارا ، والید کو اپنی طاقت پر بھروسہ تھا اور گھمنڈ تھا۔ مذاق سے کہا ’’جوان میں تمھاری پیشانی پر اپنی تلوار سے رگڑ کر تھوڑا سا خون نکا لونگا ، جاؤ وہ دیکھاتا پھرو کہ میں نے والید کا مقابلہ کیا ’’ پھر قہقہہ لگاتا ہے ‘‘ علی المرتضیؓ مسکرا کر کہتاہے ’’ میں خدا کے دشمن کے مقابلے پہ آیا ہوں میں تلوار دیکھاتا پھرونگا خون کیا دیکھاتا پھرونگا ‘‘ ہر دوسرے لمحے دشمن خدا شیر خدا کی تلوار سے دو ٹکڑے ہو جاتا ہے ۔یہ روایت عجیب ہے خالدؓ کے ہاتھوں تلواریں ٹوٹیں تو فخر موجودات نے ان کو ’’ خدا کی تلوار‘‘ کہا۔۔۔ خدا کی ’’تلواروں ‘‘ اور ’’ شیروں‘‘ کا سلسلہ لا متناہی ہے ۔ایم ایم عالم کا کہنا ہے ’’ میں سن پینسٹھ کی جنگ میں ہر صبح اپنی ماں کے گلے لگ کر کہتا ۔۔ماں میرے لئے دعا کریں کہ میں آج شہید ہو جاؤں۔۔ ماں کہتی تھی۔۔’’ آقا میرے جگر گوشے کی آرزو پوری کر‘‘ ہاں شیروں کا سلسلہ لا متناہی ہے ، کتنے شیر ہیں جو اس مٹی پر قربان ہو گئے ۔ جب میرے سامنے کوئی ’’ پاک فوج‘‘ کہتا ہے تو مجھے کچھ ہو جاتاہے ۔ میری آنکھوں سے عقیدت کے آنسو جاری ہوتے ہیں۔ جی کرتا ہے کہ دوڑ کے پاک وطن کی سرحد پہ پہنچوں اور اُس شیر کے جوتوں کو بوسہ دوں جو اپنی بندوق مضبوطی سے پکڑ ے دشمن کی طرف تن کے کھڑا ہے ۔
ادریس خان پر کئی راتیں عضب کی گزریں اور وہ دن بھی آیا کہ اس کے ہائی کمان کی طرف سے ہدایت آئی کہ چند گھنٹوں کیلئے اپنی پوسٹ خالی چھوڑدو ۔ دشمن کی طرف سے اٹیک آرہا ہے ۔ ساتھیوں نے حکم کی تعمیل کی مگر ادریس خان کو گلیشر کی کشمکش نے جھکڑ لیا ۔ برف نے اس کے پاؤں چوم لی ۔’’ مادر وطن‘‘ نے دور سے آواز دی ۔ ’’ ادریس خان یہ کیا کر رہے ہوتیری رگوں میں دوڑتا ہوا گرم خون تو اس لمحے اور اس دن کیلئے ہے ، تیر اسینہ اس گولی کو کھانے کے لئے ہے جو دشمن کی طرف سے آئے ۔ ادریس خان گولی آئے گی تیرے سینے کو لگے گی ۔ ہاں ’’جان مادر‘‘ تیرا جوان سینہ چھلنی ہو جائے گا ، ایک بہادر کے سینے سے خون کا فوارہ پھوٹے گا ۔ ادریس خان تیرے پاک وطن کی گلیشر رنگین ہوگی۔ بیٹا! یہ کتنا پاکیزہ خون ہوگا ۔۔۔ پھر ایک سریلی آواز آتی ہے۔
دو نیم ان کی ٹھوکر سے صحراو دریا
سمٹ کر پہاڑ ان کی ہئیت سے رائی
خیابان میں منتظر ہے لالہ کب سے
قبا چاہیئے اس کو ’’ خون ادریس‘‘ سے
مادر وطن کی اس سریلی پکار میں ادریس خان کھوسا جاتا ہے ۔ رک جاتا ہے۔اپنی بندوق اٹھاتا ہے ، وائر لیس سیٹ اٹھاتا ہے اور اپنی ٹینٹ سے نکل کر چالیس گز کے فاصلے پہ جاکے گلیشر پہ سینے کے بل لیٹ جاتا ہے ۔ صبح 7 بجے ہائی کمان سے کہتاہے۔۔’’سر ! میں کیمپ خالی نہیں چھوڑ سکتا ‘‘ ہائی کمان کی آنکھوں میں آنسو آجاتاہے آواز آتی ہے ۔۔ ’’ میرے شیر تیری مرضی ہے‘‘ ۔۔8بجے اٹیک آتاہے ۔ گولے مسلسل گرتے ہیں ۔ اور ادریس خان اپنی شہادت کے منتظر گلیشر کو چومتا رہتا ہے۔ 12بجے دن رابطہ بھی منقطع ہوتاہے اور شیر اکیلا رہ جاتاہے۔ ایک گولہ بہت قریب گرتاہے ، جمی برف کا ٹکڑا چہرہ انور سے ٹکراتا ہے رُخسار پھٹتا ہے خون نکلتاہے اور ان کی آنکھوں کی سیدھ پہ برف کو رنگین کر جاتاہے ۔ ادریس خان مسکرا اٹھتاہے اور کہتاہے ’’ ارض پاک یہ چند قطرے خون کے تیری امانت تھا‘‘۔شام 5بجے اٹیک رکتا ہے ۔ گویا کہ دشمن شکست کھا گیا ۔ پاک وطن کے ایک شیر کو ڈھیر نہ کر سکا ہے۔ رابطہ بحال ہوتاہے۔’’سر!‘‘ ادریس خان بھی زندہ ہے اور پاک وطن کا انچ انچ بھی محفوظ ہے۔ ۔۔ ادریس خان مجھے اپنے جوانوں پہ فخر ہے ۔۔۔
ادریس خان اب اپنی ملازمت سے پنشن لے چکے ہیں۔ اپنے گاؤں ورکھوپ تورکھو میں آباد ہیں، داڑھی سفید ہے ، اپنے کھیت کھلیانوں میں کام کرتے ہیں۔ جب وہ مجھے یہ کہانی سنا رہا تھا تو مجھے لگ رہا تھا کہ ادریس خان واپس اس گلیشر پہ پہنچ گیا ہے ، اس کی رگوں میں خون جوش مار رہا تھا ۔ اور وطن کی محبت اس کی آنکھوں میں اُتر آتی تھی ۔ میرے دل سے آواز آئی کی یہی اس زندہ قوم کے اصل ہیروز ہیں۔ اب گاؤں میں اس کے مرتبے کو کون پہچانے۔ زندہ قومیں اپنے ہیروز کی پہچان رکھتی ہیں۔جی چاہتاہے کہ لکھنے والا ان پہ لکھے ، پڑھنے والا ان کو پڑھے اور محسوس کرنے والا ان کو محسوس کرے ۔ ادریس خان کی بہادری امر ہے۔ اس کی داستان سُن کر جی مچلا کہ اس سے پوچھا جائے کہ ادریس خان !کہ تجھے کچھ صلہ بھی ملا کہ نہیں مگر ان کی آنکھوں میں بہادری کی چمک دیکھ کر یقین ہوتاہے کہ وہ اس سوال کے جواب میں یہی کہے گا کہ سر! ’’ میری خاک پاک میرا صلہ ہے‘‘چاہیے کہ ادریس خان کے سر پہ بھی بہادری کا تاج رکھا جائے ۔ یہ زند قوم کی سر زمین ہے اس میں سرفروشوں کی بے قدری تو نہیں ہونی چاہیے ۔۔۔ چلو ایک خواب کا تذکرہ کرتے ہیں۔’’ اسلام آباد میں ادریس خان کا ایک بنگلہ ہو اور اس کے گیٹ پہ بورڈ لگا ہو اور بورڈ پہ لکھا ہو ’’ ادریس خان زندہ قوم کا سرفروش خان‘‘۔

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO