ٹھیکیدارغائب ،ریشن گول کے عوام اپنی مدد آپ کے تحت پل کی تعمیر پر مجبور
اپرچترال(رپورٹ شہزاد احمد شہزاد )اپرچترال ریشن میں گزشتہ سال سیلاب میں بہہ جانے والا واحد رابطہ پل، آٹھ ماہ قبل ٹینڈر کے باوجود بحال نہ ہو سکا
اپرچترال کے علاقے ریشن گول میں عوام شدید مشکلات کے
اب اپنی مدد آپ کے تحت پل کی تعمیر کر رہے ہیں۔ وہ پل جو گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب میں مکمل طور پر بہہ گیا تھا، آٹھ ماہ قبل اس کی مرمت کے لیے ٹینڈر تو ہو گیا، مگر عملی کام آج تک شروع نہ ہو سکا۔
یہی واحد پل ریشن گول کو باٹیکان دہ سے جوڑتا تھا۔بچوں کے سکول جانے کا، مریضوں کے اسپتال پہنچنے کا اور روزمرہ زندگی کے معمولات کا واحد راستہ پل کے سیلاب برد ہونے کی وجہ سے پورے علاقے کو کاٹ کر رکھ دیا ہے۔ بزرگ، خواتین اور بچے سب اس تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے
کہ پل کی بحالی کا ٹینڈر 2024 میں آٹھ ماہ قبل ہو چکا تھا، لیکن ٹھیکیدار کا کوئی اتا پتہ نہیں۔ ضلعی انتظامیہ سےمتعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود محض وعدے اور دلاسے ملے، جبکہ متعلقہ ادارے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ایک مقامی بزرگ نے
غم و غصے سے کہا”قدرتی آفت نے ہمارا پل بہا دیا، لیکن حکومت کی نااہلی نے ہماری امیدیں بھی بہا دیں۔ کب تک بچوں کو کاندھوں پر اٹھا کر پار کریں گے؟”
اب مقامی نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے مل کر پل کی عارضی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے۔ لکڑی، بانس اور دیگر مقامی وسائل سے ایک عارضی پل تیار کیا جا رہا ہے تاکہ معمولات زندگی بحال کیے جا سکیں۔
عوام نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، منصوبے پر کام شروع کروایا جائے اور اس اہم پل کی مستقل بحالی کو اولین ترجیح بنایا جائے
