پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات: کمال عبدالجمیل فٹبال کی تاریخ میں ایگزیکٹیو ممبر کا الیکشن لڑنے والے پہلے چترالی امیدوار ٹھرے
لاہور/چترال( چترال ایکسپریس) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی ایگزیکٹیو باڈی کے انتخابات گزشتہ روز لاہور میں منعقد ہوئے، جس میں پہلی بار چترال سے تعلق رکھنے والے امیدوار، کمال عبدالجمیل، نے
خیبرپختونخوا کی نمائندگی کے لیے الیکشن میں حصہ لیا۔ یہ قدم پاکستان میں کھیلوں بالخصوص فٹبال کے شعبے میں چترال کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
دس سال کے طویل وقفے کے بعد ہونے والے ان انتخابات میں آئیڈیل کلب دروش کے صدر اور چترال فٹبال لیگ کے بانی کمال عبدالجمیل محسن گیلانی پینل کی طرف سے خیبرپختونخوا سے “ایگزیکٹیو ممبر” کی نشست کے لیے امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اترے۔ انہیں
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی مرکزی کانگریس کے 12 ووٹ حاصل ہوئے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹیو باڈی میں ہر صوبے سے دو ارکان منتخب کیے جاتے ہیں، جن کے لیے کانگریس کے اراکین باقاعدہ ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہیں۔ موجودہ انتخابات میں کانگریس کے 24 اراکین نے ووٹ ڈالے۔
خیبرپختونخوا کی دو نشستوں کے لیے دو مختلف گروپوں سے چار امیدوار میدان میں تھے، جنہیں 12، 12 ووٹ ملے۔ ووٹ برابر ہونے کی صورت میں دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی، تاہم نتائج ایک بار پھر برابر رہے۔ فٹبال فیڈریشن کے آئین کے مطابق، اب یہ انتخاب اگلے کانگریس سیشن میں دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔
کمال عبدالجمیل، جو محسن گیلانی گروپ کی جانب سے نامزد تھے، نے پہلی بار چترال کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی سطح پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ محسن گیلانی گروپ نے فیڈریشن کی صدارت بھی جیت لی ہے۔
ایگزیکٹیو ممبر کی نشست پاکستان فٹبال فیڈریشن میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اور اس عہدے کے لیے چترال سے کسی امیدوار کی نامزدگی مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔
