ائر پورٹ روڈ دریائے چترال کی طغیانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہونا شروع ہوگیا ہے
چترال (رپورٹ: نور افضل خان )ائر پورٹ روڈ دریائے چترال کی طغیانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہونا شروع ہوگیا ہےجوکسی بھی وقت موٹر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کے لئے بند ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔
سڑک کا نگہبان ادارہ نیشل ہائی وے اتھارٹی اس بارے میں مجرمانہ غفلت کا شکار ہے جواس وقت خاموشی برت لی جب گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں ایک پرائیویٹ پارٹی نے اپنی پراپرٹی کو بچانے کے لئے دریاکا رخ ہیو ی مشینری لگاکر ائر پورٹ کی طرف موڑ دیا۔ پانی کا رخ مکمل طور پر ائرپورٹ کی طرف مڑجانے کی وجہ سے کئی مہینوں تک دریا کے کنارے دیوار کی بنیادیں ہل گئی ہیں
جس سے چیو پل کے قریب کم از کم 400میٹر کے فاصلے تک سڑک کا آدھا حصہ اس وقت دریا میں گرجائے گا جب جولائی کے پہلے ہفتے میں دریائے چترا ل میں اونچے درجے کی طغیانی آجائے گی۔ چترال ڈویلپمنٹ مومنٹ یعنی سی ڈی ایم کے سابق چیرمین وقاص احمد ایڈوکیٹ نے میڈیا کو بتایاکہ گزشتہ دسمبر میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو اس خطرے سے آگاہ کیا تھا جب ایک پرائیویٹ پارٹی دریا کا رخ مکمل طور پر اس طرف مڑ دیا تھا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہارکیاکہ چترال بھر میں این ایچ اے کی سڑکیں اسی صورت حال سے دوچار ہیں جن کا نہ کوئی والی ہے اور نہ وارث۔
