بگوشٹ لٹکوہ میں دو فریقین کے درمیان تصادم کا خطرہ ، اہلیان بگوشٹ کاعدالتی حکم ماننے سے انکار
چترال (چترال ایکسپریس ) لٹکوہ بگو شٹ میں عدالتی فیصلے کے بعد دو فریقوں کے مابین حالات کشیدہ ہوگئے ہیں ، اور حالات کا رخ تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اہلیان ایژ اور اہلیان بگوشٹ کے مابین گرمائی چراگاہ ( غاری) کا ایک مقدمہ اسسٹنٹ کمشنر / لینڈکلکٹر چترال کی عدالت میں زیر سماعت تھا جو کہ گذشتہ روز اہلیان ایژ گرم چشمہ کے حق میں فیصلہ ہوا۔اور اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے عملدرآمد کا فیصلہ سنایا گیا ۔ تاہم بگوشٹ کے لوگ مذکورہ حکم ماننے سے انکاری ہیں اور مخالف فریق و پولیس کو عملدر آمد سے روکنے کیلئے تصادم پر اتر آئے ہیں اور سینکڑوں ڈنڈا بردار افراد کے
جمع ہونے اور پوزیشنیں سنبھالنےسے معاملہ کسی بڑے سانحے کا روپ دھارنے کا خطرہ ہے ۔
عوامی حلقوں نے اس موقع پر کہا ہے کہ مقدمات کے فیصلے کے بعد حکم پر عملدرآ مد کےدوران حکومتی رٹ کو چیلنج کرنا ایک معمول بن گیا ہے جس سے فیصلوں کی اہمیت ختم ہورہی ہے جو کہ انتہا ئی افسوسناک ہے ۔
فریق نے مطالبہ کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر چترال کی طرف سے این او سی کا اجراء بھی کیا گیا ہے اس لئے عملدرآمد کو یقینی بنا کر حکومتی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے ۔
