
ڈی پی او لوئر چترال کا ہفتہ وار اردلی روم؛ اہلکاروں کے مسائل سنے، بہتر کارکردگی پر انعامات تقسیم
چترال (چترال ایکسپریس): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال رفعت اللہ خان نے پولیس افسران اور جوانوں کے مسائل کے حل اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈی پی او آفس بلچ میں ہفتہ وار اردلی روم کا انعقاد کیا۔
اردلی روم میں پولیس لائنز اور ضلع کے مختلف تھانہ جات میں تعینات اہلکاروں نے شرکت کی اور اپنے پیشہ ورانہ و ذاتی مسائل سے ڈی پی او کو آگاہ کیا۔ رفعت اللہ خان نے تمام اہلکاروں کے مسائل نہایت توجہ اور ہمدردی سے سنے۔ انہوں نے جائز اور فوری نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ برانچوں کو ہدایت کی کہ اہلکاروں کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
اس موقع پر ڈی پی او نے ضلع میں
امن و امان کے قیام اور ڈیوٹی کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے فرض شناس اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
ڈی پی اورفعت اللہ خان
نے اس موقع پر کہا کہ:”پولیس فورس میرے خاندان کی طرح ہے، ان کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔ جب ایک سپاہی ذہنی طور پر مطمئن ہوگا، تب ہی وہ عوام کی خدمت اور جرائم کے خاتمے کے لیے بہتر طریقے سے کام کر سکے گا۔”
انہوں نے مزید تاکید کی کہ جزا و سزا کا عمل جاری رہے گا تاکہ محنتی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ہو اور محکمہ مزید فعال ہو سکے۔
