
لوئر چترال میں کردار سازی نصاب ’’روشت اِستاری‘‘ کی باوقار رونمائی
چترال (چترال ایکسپریس) ضلع انتظامیہ لوئر چترال کی خصوصی کاوش اور ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے وژن کے تحت کردار سازی پر مبنی نصاب “روشت استاری” (چمکتا ستارہ) کی باوقار تقریبِ رونمائی
ٹاؤن ہال چترال میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، اساتذہ، طلبہ اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ تھے،
جبکہ دیگر اہم مہمانوں میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل ارسلان عبدالمجید، ڈی پی او رفعت اللہ خان، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم، ڈپٹی وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال پروفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ، پرنسپل ڈگری کالج لوئر چترال عبد الکریم، اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال ریاض احمد، اور محکمہ تعلیم سمیت مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان شامل
تھے۔
مقررین نے بتایا کہ “روشت استاری” کو ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کے نصاب میں باضابطہ طور پر شامل کر دیا گیا ہے، جو طلبہ کی کردار سازی، اخلاقی تربیت اور معاشرتی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید فدا حسن شاہ نے
اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نصاب کی تیاری میں جدید تعلیمی تقاضوں کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور اخلاقی اقدار کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں چترال کے لوگوں کی علم دوستی اور اپنے محسنوں کو یاد رکھنے کی روایت پر فخر ہے۔ انہوں نے سابق ڈپٹی کمشنر جاوید مجید کی تعلیمی خدمات کا بھی ذکر کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “روشت استاری” طلبہ کی اخلاقی تربیت میں نمایاں کردار ادا کرے گا کیونکہ اس کی بنیاد اسلامی تعلیمات، بالخصوص نبی کریم ﷺ کی سیرت، اور چترال کی ثقافتی اقدار پر رکھی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نصاب کا مقصد طلبہ میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، استقامت، ذہانت اور مذہبی و سماجی ہم آہنگی جیسی اعلیٰ اقدار کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک باکردار، ذمہ دار اور باشعور نسل کی تشکیل میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وزیر تعلیم، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ایجوکیشن اور محکمہ تعلیم کے تمام افسران و ٹیم ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مختصر مدت میں اس منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔
دیگر مقررین نے بھی “روشت استاری” کو طلبہ، اساتذہ اور والدین کے لیے یکساں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ہر سبق کے ساتھ واضح تعلیمی مقاصد، رہنمائی اور عملی سرگرمیاں شامل کی گئی ہیں تاکہ طلبہ ان اقدار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا سکیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے
دیگر مہمانوں کے ہمراہ افتتاحی کیک کاٹا۔ اس موقع پر طلبہ نے کھوار زبان میں ملی نغمے پیش کیے جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض عالمگیر بخاری اور فدا الرحمن فدا نے انجام دیے۔
