
چترال: ترجمان پی ایم ایل این کامسلم لیگ (ن) لوئر کے ضلعی صدر کے استعفے کی خبروں کی تردید
چترال (چترال ایکسپریس) پاکستان مسلم لیگ (ن) لوئر چترال کے ضلعی صدر عبدالولی خان ایڈووکیٹ کے مبینہ استعفے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کردی گئی ہے۔
پارٹی کے ترجمان اور سیکریٹری اطلاعات نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے
اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ضلعی صدر عبدالولی خان ایڈووکیٹ یا دیگر عہدیداران کی جانب سے استعفیٰ دینے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ روز ہونے والی پارٹی میٹنگ میں ضلعی صدر نے اپنی تقریر کے دوران صرف اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ اگر کوئی کارکن صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کا خواہشمند ہو تو وہ عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں، تاہم اس بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
نیاز احمد نیازی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بعض جذباتی تقاریر بھی ہوئیں اور صوبائی قیادت سے متعلق گلے شکوے بھی سامنے آئے، لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ پارٹی عہدیداران اجتماعی طور پر مستعفی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کی گروپ بندی موجود نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی صدر عبدالولی خان ایڈووکیٹ، سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین، اور موجودہ رکن پارلیمنٹ غزالہ انجم سمیت تمام رہنما چترال کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) ایک جمہوری جماعت ہے جہاں ہر رکن کو اظہارِ رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی صدر اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام جلد چترال کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنان کے جائز تحفظات کو دور کیا جائے گا۔
