
چترال یونیورسٹی میں سی وی رائٹنگ پر مفید سیمینار کا انعقاد
چترال (چترال ایکسپریس) یونیورسٹی آف چترال کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے زیرِ اہتمام سی وی (CV) رائٹنگ کے موضوع پر ایک اہم اور معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر وسیم عباس اعوان، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ہیڈ آف پلیسمنٹ سیل، بحریہ بزنس اسکول، بحریہ یونیورسٹی کراچی تھے۔ تقریب کے آغاز میں شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر رضوان اللہ نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور طلبہ سے ان کا
تعارف کرایا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر وسیم عباس اعوان نے موجودہ دور میں سی وی رائٹنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مصنوعی ذہانت (AI) کا دور ہے، جہاں بیشتر ادارے امیدواروں کی ابتدائی جانچ کے لیے اپلیکنٹ ٹریکنگ سسٹمز (ATS) کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو ایک مؤثر، پیشہ ورانہ اور معیاری سی وی تیار کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی اور جدید AI ٹولز کے استعمال سے سی وی کو بہتر بنانے کے عملی طریقے بھی بتائے۔
سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف سوالات کیے، جن کے مہمانِ خصوصی نے تسلی بخش جوابات دیے۔
آخر میں شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر رضوان اللہ نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ یہ سیمینار طلبہ کے لیے نہایت مفید ثابت ہوا اور اس سے انہیں موجودہ مسابقتی دور میں مؤثر سی وی تیار کرنے کے حوالے سے قیمتی معلومات حاصل ہوئیں۔
