
اسلام آباد اغواء کیس کا ڈراپ سین، نورالدین زنگی نے خود ہی ڈرامہ رچایا: پولیس
چترال(چترال ایکسپریس)وفاقی دارالحکومت سے مبینہ طور پر اغواء ہو کر کچے پہنچنے والے شہری کے کیس کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہری نے خود ہی اغواء کا
ڈرامہ رچایا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اپر چترال کے علاقے تورکہو سے تعلق رکھنے والے اور اسلام آباد میں مقیم نورالدین زنگی نے اپنے دو ساتھیوں کی مدد سے اغواء کی جعلی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا مقصد مخالفین کے خلاف مقدمات درج کروانا اور اپنے ذمے واجب الادا رقوم کی ادائیگی
سے بچنا تھا۔
ذرائع کے مطابق نورالدین زنگی نے چترال کے مختلف افراد سے کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر لاکھوں اور کروڑوں روپے حاصل کر رکھے تھے، جن کی مجموعی مالیت دو ارب روپے سے زائد بتائی جارہی ہے۔ ان کے اچانک منظرِ عام سے غائب ہونے اور بعد ازاں اغواء کی خبروں نے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مختلف افراد سے مبینہ طور پر فراڈ کے ذریعے بھاری رقوم وصول کیں اور رقم واپس کرنے کے بجائے اغواء کا منصوبہ بنایا۔
ایس پی سٹی ایاز اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اور اس کے دونوں ساتھیوں کو رحیم یار خان سے گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ نورالدین کی گمشدگی کا مقدمہ یکم مئی کو تھانہ آبپارہ میں اس کے بھائی سیف الدین کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نورالدین کو اسلام آباد سے اغواء کیا گیا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
