
بونی بوزند روڈ منصوبہ: وزیراعظم معائنہ کمیشن کی ٹیم 30 اکتوبر کو دورہ کرے گی، کام کی بروقت تکمیلی کی ہدایت
چترال (چترال ایکسپریس)وزیراعظم معائنہ کمیشن (PMEC) کے چیئرمین بریگیڈیر مظفر رانجھا 30 اکتوبر کو بونی بوزند روڈ کے جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی فنی ٹیم کے ہمراہ پہنچ رہے ہیں۔ یہ ٹیم منصوبے کے تکنیکی اور مالی امور کا جامع جائزہ لے گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ
ایک سرکلر کے مطابق بونی بوزند روڈ وفاقی حکومت کے زیرِ اہتمام اور فنڈڈ ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم ای سی قیصر رحمان نے بتایا کہ متعلقہ ٹھیکیدار کو سخت تنبیہ جاری کر دی گئی ہے کہ وہ 30 اکتوبر سے قبل اسفالٹ (سڑک کی پختگی) اور تمام تر تعمیراتی کام لازمی طور پر مکمل کرے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کے ترجمان نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ نے
اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت چترال میں بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیلی کے لیے تمام وسائل اور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔ دورے کا مقصد کام کے معیار اور شفافیت کو پرکھنا ہے تاکہ عوام کو بلا تاخیر بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
