
چترال ایکسپو 2026 کا آغاز کل سے ہوگا، گورنر خیبر پختونخوا اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے
چترال (چترال ایکسپریس) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) پشاور اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے تیسرے دو روزہ چترال ایکسپو 2026 کا آغاز کل 10 اکتوبر سے چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ نمائش 11 اکتوبر تک جاری رہے گی، جس کا مقصد علاقے میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری، سیاحت، زراعت اور مقامی دستکاری کو فروغ دینا ہے۔
ایکسپو میں چترال کی مقامی مصنوعات، دستکاری، خشک میوہ جات، شہد، قیمتی پتھروں، معدنیات اور مقامی خوراک سمیت مختلف اشیاء کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر مقامی تاجروں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور ملکی سطح پر کاروباری روابط استوار کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ایکسپو کی افتتاحی تقریب 10 اکتوبر کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر منعقد ہوگی، جس میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ دوسرے روز 11 اکتوبر کو صبح 10 بج کر 30 منٹ پر چترال کی معاشی ترقی کے حوالے سے بین الادارتی رابطہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں متعلقہ سرکاری محکموں، تنظیموں اور غیر سرکاری اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
نمائش کی اختتامی تقریب 11 اکتوبر کو سہ پہر 4 بجے منعقد ہوگی، جس میں گورنر خیبر پختونخوا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔
ٹی ڈی اے پی اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تاجر برادری، سرمایہ کاروں، خریداروں اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایکسپو میں شرکت کرکے مقامی مصنوعات کی حوصلہ افزائی کریں اور چترال کی معاشی ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور تجارتی روابط کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
