
پشاور بورڈ کی جانب سے اساتذہ کے امتحانی معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر مایوس کن ہے، عبدالعزیز خان
چترال (چترال ایکسپریس) نائب صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال لوئر، عبدالعزیز خان نے
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کی جانب سے اساتذہ کرام کے امتحانی ڈیوٹی کے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور بورڈ نے امتحانی نظام کے تقریباً تمام شعبوں کو ڈیجیٹل کر دیا ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اساتذہ کے معاوضوں کی ادائیگی کو تاحال اس جدید نظام کا حصہ نہیں بنایا جا سکا۔ بورڈ کی ڈیجیٹل صلاحیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ امتحان سے چند روز قبل آن لائن رول نمبر سلپس کا اجراء ہو جاتا ہے، جبکہ طلبہ کی حاضری سے لے کر نقل (UFM) کیسز تک تمام امور ڈیجیٹل طریقہ کار سے انجام پاتے ہیں۔ ایسے ماحول میں اساتذہ کے معاوضوں کی ادائیگی کو ڈیجیٹلائز نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ میٹرک کے بعد انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی مکمل ہو چکے ہیں، مگر میٹرک امتحانات میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے اساتذہ اب بھی اپنے معاوضوں کے منتظر ہیں، جو انتہائی افسوس ناک ہے۔
نائب صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن نے بورڈ حکام سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے تمام زیرِ التوا معاوضے فوری طور پر ادا کیے جائیں اور مستقبل کے لیے ایک شفاف و بر وقت ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا جائے جس کے تحت امتحانات کے اختتام کے 10 دن کے اندر معاوضوں کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔
