
لوئر چترال پولیس کا ہفتہ وار اردرلی روم، اہلکاروں کے مسائل سنے گئے، بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد تقسیم
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس بلچ میں ہفتہ وار اردرلی روم کا انعقاد کیا گیا،
جس میں پولیس افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ، انتظامی اور فلاحی امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پولیس افسران اور جوانوں نے اپنے مسائل اور درخواستیں ڈی پی او کے سامنے پیش کیں، جنہیں انہوں نے بغور سنا اور جائز مسائل کے فوری حل سمیت متعلقہ امور پر ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔
اردرلی روم کے دوران رواں ہفتے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے
پولیس افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او محمد خالد خان نے پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ
محکمانہ نظم و ضبط، دیانت داری، عوام دوست پولیسنگ اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو بہترین اور مؤثر پولیس خدمات فراہم کی جا سکیں۔
