
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا لواری ٹنل اور لوئر چترال کی شاہراہوں کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
وفاقی سیکریٹری مواصلات علی شیر محسود بھی ہمراہ تھے، ایون بمبوریت روڈ کا فضائی معائنہ، سیلاب سے متاثرہ پلوں کی بحالی کا جائزہ لیا گیا
چترال (چترال ایکسپریس) وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے وفاقی سیکریٹری مواصلات علی شیر محسود کے ہمراہ لواری ٹنل اور لوئر چترال کی اہم قومی شاہراہوں کا دورہ کیا
اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خالد خان اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران این ایچ اے حکام نے
وفاقی وزیر کو لواری ٹنل، اس کے دونوں پورٹلز کی صورتحال اور علاقے میں جاری سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایون–بمبوریت روڈ کا بذریعہ ہیلی کاپٹر فضائی معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر منعقدہ اجلاس اور بریفنگ میں
چترال–شندور روڈ، ایون–بمبوریت روڈ اور گرم چشمہ روڈ کے جاری و زیرِ التوا ترقیاتی کاموں سمیت بالخصوص حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے پلوں کی فوری بحالی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے
متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، حائل رکاوٹوں اور درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور منصوبوں کی مقررہ وقت کے اندر معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
