
لوئر چترال: ڈی پی او کی چیک پوسٹ انچارجز کے ساتھ خصوصی میٹنگ، فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت
چترال (چترال ایکسپریس) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان کی زیر صدارت اہم پلوں اور حساس مقامات پر قائم پولیس چیک پوسٹوں اور گاردات کے انچارجز کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں
ضلع بھر کے سکیورٹی انتظامات، چیکنگ کے نظام، پولیس نفری کی دستیابی اور اہلکاروں کی ڈیوٹی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد خالد خان نے تمام انچارجز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ مقامات پر سکیورٹی کو مزید مؤثر اور فول پروف بنائیں، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی کریں اور دورانِ ڈیوٹی ہر وقت الرٹ رہیں۔
ضلعی پولیس سربراہ نے موجودہ حالات کے پیش نظر تمام چیک پوسٹوں اور گاردات پر مطلوبہ نفری کی موجودگی سمیت اسلحہ، ایمونیشن، ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی چوکی یا گارد میں ضروری سامان یا سہولیات کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے کیونکہ جلد ہی تمام چوکیوں کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کمی یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ انچارج کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او لوئر چترال نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اہم پلوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
