
چترال میں ضلعی سطح کے انٹر سکولز لٹریری مقابلے اختتام پذیر، طلباء میں انعامات تقسیم
چترال (چترال ایکسپریس) محکمہ تعلیم لوئر چترال کے زیر اہتمام منعقدہ ضلعی سطح کے انٹر سکولز لٹریری کمپٹیشن 2026ء کی اختتامی تقریب ٹاؤن ہال چترال میں
منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء نے ادبی، تخلیقی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) لوئر چترال عبدالسلام تھے جبکہ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) شاہد حسین نے کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سپورٹس) اکبر حسین، ڈسٹرکٹ سپورٹس سیکرٹری و وائس پرنسپل گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال شاہد جلال، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فرہاد اللہ، صدر چترال پریس کلب ظہیر الدین، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عبدالسلام نے طلباء کی ادبی صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا
کہ ایسے ہم نصابی مقابلے نوجوان نسل میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب طلباء، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ طلباء مستقبل میں بھی علم و ادب کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرکے علاقے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شاہد حسین اور دیگر مقررین نے بھی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلباء میں خود اعتمادی، اظہار خیال کی صلاحیت اور مثبت مسابقت کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ مقررین نے ڈویژنل سطح کے آئندہ مقابلوں میں کامیابی کے لیے بھی طلباء کے لیے نیک خواہشات
کا اظہار کیا۔
مقررین نے انٹر سکولز مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر ڈسٹرکٹ سپورٹس سیکرٹری شاہد جلال اور ان کی ٹیم کے ارکان عالمگیر بخاری، ثناء اللہ ثانی، مولانا محمد قاسم اور دیگر منتظمین کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
مقابلوں کے نتائج کے مطابق حمد باری تعالیٰ میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے محمد طلحہ نے پہلی جبکہ گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے ریان یوسف نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ حسن قرأت میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے صبغت اللہ اول اور الخدمت فاؤنڈیشن سٹی کیمپس چترال کے محمد کامران دوم رہے۔ نعت مقبول میں گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے وجاہت اللہ نے پہلی جبکہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول
دروش کے مہروز نواز نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
قومی ترانے کے مقابلے میں ایف سی پی ایس دروش کے واصف اور گروپ نے پہلی جبکہ گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے سہیل اور گروپ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ قومی نغمے میں اقراء پبلک سکول دروش کے محمد تفہین اول اور گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے محمد فرحان اور گروپ دوم قرار پائے۔
اردو تقریر میں گورنمنٹ ہائی سکول عشریت کے وجاہت ایوب نے پہلی اور گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے صفوان الٰہی نے دوسری، جبکہ انگریزی تقریر میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے محمد سدیس نے پہلی اور گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال کے حسیب محمد
نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اردو مضمون نویسی میں آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چترال کے محمد عبداللہ محمود اول اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے کاشف احمد دوم رہے۔ انگریزی مضمون نویسی میں ٹی ایل ایس اینڈ سی چترال کے عارفین ضیاء نے پہلی جبکہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے
اکمل عزیز نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
کوئز مقابلے میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول موری لشٹ کے فیضان اور گروپ نے پہلی اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے رضوان اور گروپ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سپیلنگ بی مقابلے میں ٹی ایل ایس اینڈ سی چترال کے عارفین ضیاء اور گروپ اول جبکہ دی لرنر سکول دروش کے ارسلان اور گروپ دوم رہے۔ پوسٹر میکنگ کے مقابلے میں پامیر پبلک سکول گرم چشمہ کے الحان علی سنان اور گورنمنٹ ہائی سکول عشریت کے ضیاء الرحمان نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور دیگر معززین نے کامیاب طلباء میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں جبکہ مقابلوں کے انعقاد میں کردار ادا کرنے والے منتظمین اور ججز کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
