
لوئر چترال پولیس کا ڈرائیور یونین سے رابطہ، سرکاری کرایہ نامے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت
چترال (چترال ایکسپریس)عوامی سہولیات کی فراہمی، مسافروں کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے لوئر چترال پولیس کی جانب سے تھانہ ارکاری میں ڈرائیور یونین کے نمائندگان اور معززینِ علاقہ کے ساتھ ایک خصوصی آگاہی و مشاورتی نشست کا
انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں منعقدہ اس اجلاس کی سربراہی ایس ڈی پی او لٹکوہ اقبال الدین نے کی، جبکہ ایس ایچ او تھانہ ارکاری سب انسپکٹر سید علی رضا شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس افسران نے ڈرائیور یونین کے عہدیداران اور ڈرائیور حضرات پر واضح کیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری کرایہ نامے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اوور چارجنگ سے مکمل گریز کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دورانِ سفر مسافروں، بالخصوص خواتین، بزرگوں اور سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنایا جائے۔
علاوہ ازیں، سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ڈرائیوروں کو تاکید کی گئی کہ وہ دورانِ سفر مشکوک افراد اور غیر معمولی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لا کر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
شرکاء نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان لوئر چترال پولیس کے مطابق عوامی آگاہی، مؤثر کمیونٹی پولیسنگ اور باہمی تعاون کے ذریعے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور پرامن ماحول فراہم کرنے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
