
موڑکہو ڈویلپمنٹ موومنٹ کا مشترکہ اجلاس، 28 اپریل کو بڑے جلسے کا اعلان
اپر چترال (جمشید احمد) موڑکہو ڈویلپمنٹ موومنٹ کی کابینہ اور کور کمیٹی کا ایک اہم مشترکہ اجلاس بدھ کے روز وریجون میں منعقد ہوا، جس میں علاقے کو درپیش مسائل، خصوصاً موڑکہو روڈ کی خستہ حالی، پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں شرکاء نے موڑکہو روڈ کی ناگفتہ بہ حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر و مرمت میں طویل عرصے سے غفلت اور ناانصافی برتی جا رہی ہے، جو عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بنیادی انفراسٹرکچر کی عدم دستیابی نے علاقے کے
عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موڑکہو روڈ سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل تک پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور اس حوالے سے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر موڑکہو ڈویلپمنٹ موومنٹ کی کابینہ اور کور کمیٹی نے متفقہ طور پر 28 اپریل کو ایک عظیم الشان پرامن جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر موڑکہو کے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی تاکہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ آواز بلند کی جا سکے۔
