
یونیورسٹی آف چترال میں “گولڈن کلب” کے افتتاحی تقریب کا انعقاد
چترال (چترال ایکسپریس)یونیورسٹی آف چترال میں “گولڈن کلب” کی افتتاحی تقریب نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی اور کلب کی رکنیت حاصل کی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں
ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر ضیاء الدین، معروف مذہبی سکالر شیخ الحدیث مولانا حبیب اللہ، ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر افتخار الدین، ریٹائرڈ استاد عطائے کریم اور مس کالوم شامل تھے۔ معزز مہمانوں کا یونیورسٹی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تقریب کے آغاز میں ڈاکٹر نظام الدین، ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمکس اور کلب کے فوکل پرسن نے شرکاء کو گولڈن کلب کے مقاصد اور اہداف سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں بین النسلی فاصلے (Intergenerational gap) کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس خلا کو پُر کرنے میں معاشرے کے بزرگوں، خصوصاً تجربہ کار افراد کا کردار نہایت اہم ہے۔
مہمانانِ نے اس بروقت اور مثبت اقدام کو سراہا اور کلب کی کامیابی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
افتتاحی نشست کے بعد معزز مہمانوں کو مختلف شعبہ جات کی کلاسوں میں طلب کیا گیا جہاں
انہوں نے طلبہ و طالبات کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات، علم اور عملی رہنمائی کا اشتراک کیا۔ ان انٹرایکٹو سیشنز نے طلبہ اور بزرگوں کے درمیان ایک بامعنی تعلق قائم کیا جو گولڈن کلب کے بنیادی تصور کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب کے دوران مہمانوں سے گولڈن کلب کے بارے میں تاثرات بھی حاصل کیے گئے۔
یہ تقریب ایک ایسے پلیٹ فارم کے آغاز کی علامت بنی جو مقامی علم کے تحفظ، رہنمائی کے فروغ اور یونیورسٹی و چترال میں بین النسلی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
