
لوئر چترال پولیس کی۔جانب سے لیویز اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد
چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال پولیس کی جانب سے لیویز اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے پولیس لائن لوئر چترال میں ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد اہلکاروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں مزید مؤثر بنانا تھا۔
تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان تھے۔
انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے لیویز اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ حاصل شدہ مہارتوں کو عملی میدان میں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی خدمت کو مزید بہتر بنائیں گے۔
تقریب میں ایس پی ایلیٹ فورس عتیق الرحمن، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اقبال الدین، ایس ڈی پی او سرکل چترال سجاد حسین، انچارج سکیورٹی پوائنٹس انسپکٹر قربان پناہ، لائن آفیسر اے ایس آئی فضل کریم سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ افسران نے تربیت کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ٹریننگ کے دوران لیویز اہلکاروں کو ویپن ہینڈلنگ، ڈسپلن، تلاشی لینے کے طریقہ کار، سکیورٹی امور اور دیگر اہم پیشہ ورانہ مہارتوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایلیٹ فورس، اے ٹی ایس (اینٹی ٹیررازم اسکواڈ) اور ڈرل اسٹاف کے ماہر انسٹرکٹرز نے عملی تربیت فراہم کی اور جدید طریقہ کار سے روشناس کرایا۔
تربیتی پروگرام کا مقصد اہلکاروں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہنگامی حالات سے نمٹنے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تیار کرنا تھا۔
ڈی پی او لوئر چترال نے بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ فورس کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والے اہلکار لوئر چترال کے مختلف سکیورٹی پوائنٹس پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔
