تازہ ترین

​ایوبیہ یونین چترال کی ایم پی اے اور مہترِ چترال فاتح الملک علی ناصر کی گرفتاری کی شدید مذمت، فوری رہائی کا مطالبہ

​چترال (نمائندہ آئین) ایوبیہ یونین چترال کے رہنماؤں نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لوئر چترال سے نومنتخب رکنِ صوبائی اسمبلی اور چترال کے روایتی حکمران (مہترِ چترال) فاتح الملک علی ناصر کی اسلام آباد سے گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے ان کی فوری و غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

​پریس کانفرنس سے قبل شاہی قلعہ سے ایک احتجاجی جلوس بھی نکالا گیا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا چترال پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا۔ پریس کانفرنس سے ایوبیہ یونین کے رہنماؤں شمشیر دستگیر، غفار لال، غلام نبی، انیس الدین، شہزادہ امیر حسنات الدین، افضل قباد، مولانا سمیع الحق، دین محمد ندیم، مقصود عالمگیر، شیدا دستگیر، عنایت اللہ اسیر اور دیگر نے خطاب کیا۔

​رہنماؤں نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فتح الملک علی ناصر کو ان کی اسلام آباد رہائش گاہ سے چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے اور قانون کو پسِ پشت ڈال کر گرفتار کیا گیا۔ ان کا واحد ‘قصور’ یہ ہے کہ انہوں نے عمران خان کا ساتھ دیا، جن کے نام پر چترال کے عوام نے انہیں بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب کیا۔

​انہوں نے شاہی خاندان کی تاریخی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے شاہی خاندان نے نہ صرف تحریکِ پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا، بلکہ قیامِ پاکستان کے وقت تمام ریاستوں میں چترال وہ پہلی ریاست تھی جس نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا۔ مزید برآں، شاہی خاندان کے چشم و چراغ شہزادہ مطاع الملک اور شہزادہ برہان الدین نے سکردو میں ڈوگرا فوج کے خلاف جنگ لڑ کر اس خطے کو آزادی دلائی تھی۔

​ایوبیہ یونین کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فتح الملک علی ناصر نہ صرف ایک منتخب عوامی نمائندے ہیں بلکہ وہ چترال کے روایتی سربراہ اور شاہی خاندان کی علامت ہیں، جن کا احترام چترال کا ہر شہری سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کرتا ہے۔ ایسے معزز شخص کو 3 ایم پی او (3 MPO) کے تحت جیل بھیجنا چترال کے عوام کی تذلیل اور توہین ہے۔

​انہوں نے انکشاف کیا کہ زیرِ حراست رہنما دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دورانِ حراست ان کی صحت یا زندگی کو کوئی نقصان پہنچا، تو ایوبیہ یونین اور چترال کے عوام اسے ہرگز معاف نہیں کریں گے۔

​ایوبیہ یونین نے مطالبہ کیا کہ:

​فاتح الملک علی ناصر کے خلاف 3 ایم پی او کا آرڈر فوری طور پر واپس لے کر انہیں رہا کیا جائے۔

​ان کی غیر قانونی گرفتاری کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے۔

​انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کیا کہ وہ چترال کے عوام کی پرامن طبیعت اور اپنے شاہی خاندان کے ساتھ گہری وابستگی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں اور معاملے کو مزید سنگین ہونے سے پہلے حل کریں۔ اس موقع پر شجاع الرحمن، بختیار، مسرت بیگ مسرت، اویس احمد بیگ اور ایوبیہ یونین کے دیگر رہنما کثیر تعداد میں موجود تھے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔