تازہ ترین

​گورنمنٹ ہائی سکول کاری کا اسپورٹس گالا 2026 اختتام پذیر؛ جناح ہاؤس نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی

چترال  (چترال ایکسپریس)گورنمنٹ ہائی سکول کاری کا تاریخی اسپورٹس گالا2026 اپنی تمام تر رنگینیوں، جوش و خروش اور شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔ ادارے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والا یہ اسپورٹس گالا کھیلوں کے ساتھ ساتھ ادبی و تخلیقی سرگرمیوں کا بھی حسین امتزاج ثابت ہوا، جس میں طلباء نے اپنی جسمانی، ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

​اسپورٹس گالا کے دوران مختلف ورزشی کھیلوں اور ادبی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد طلباء میں صحت مند مسابقت، تخلیقی سوچ، برداشت، اتحاد، نظم و ضبط اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔

​اختتامی تقریب کے موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ مجموعی نتائج کے مطابق جناح ہاؤس نے 12 مختلف کیٹیگریز میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ اقبال ہاؤس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سر سید ہاؤس نے خانہ داری کے مقابلے میں فتح حاصل کی۔ اسپورٹس گالا کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جماعت نہم کے طالب علم عریش الحق کے حصے میں آیا، جنہیں بہترین کارکردگی کی ٹرافی سے نوازا گیا۔

​تقریب کے اختتام پر شاندار انتظامات کے اعتراف میں جناح ہاؤس کی جانب سے سکول کے ہیڈ ماسٹر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ اسپورٹس گالا کے چیف آرگنائزر عبد الرؤف کو ان کی انتھک محنت اور مثالی منصوبہ بندی پر یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ سکول کی تاریخ میں ایک یادگار سنگِ میل ثابت ہوا ہے اور امید ظاہر کی کہ ایسی مثبت روایات مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock