
وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں نوجوانوں کے لیے بڑی سہولتیں، قرض کی حد ڈھائی کروڑ روپے اور عمر کی حد 18 سال مقرر۔نیاز اے نیازی
چترال (چترال ایکسپریس) وزیراعظم یوتھ لون اسکیم کے تحت نوجوانوں، بالخصوص چترال کے نوجوانوں کے لیے قرضوں کے حصول کو آسان بنانے اور درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ نیاز اے نیازی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں میاں حمزہ شہباز شریف سے حالیہ ملاقات
کے دوران انہوں نے بالخصوص چترال کے نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ لون اسکیم سے مستفید ہونے میں درپیش مشکلات اور قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعظم تک نوجوانوں کے مسائل پہنچانے اور ان کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اگلے ہی روز اس معاملے پر اجلاس طلب کیا، جس کے نتیجے میں یوتھ لون اسکیم میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کے تحت قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ درخواست دینے کے لیے کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح نوجوانوں کو 15 لاکھ روپے تک کا قرض ذاتی ضمانت پر فراہم کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، جبکہ خواتین کے لیے مختص قرضوں کا کوٹہ 11 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دیا گیا ہے۔
نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ نے
کہا کہ ان اقدامات سے نوجوانوں بالخصوص چترال کے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور معاشی طور پر خودمختار ہونے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت نوجوانوں کو درپیش دیگر مشکلات کے حل اور قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔
