دھڑکنوں کی زبان

دھڑکنوں کی زبان۔۔​ادیب زادہ۔۔محمد جاوید حیات

​ادیب الفاظ کا شہنشاہ، جذبات کا شہزادہ اور خیالات کا معمار ہوتا ہے۔ وہ بولتا ہے تو الفاظ میں تازگی اتر آتی ہے، سوچتا ہے تو فکر سے خوشبو پھوٹتی ہے، اور جب لفظ جوڑتا ہے تو گویا خیال کا تاج محل تعمیر کر دیتا ہے۔ کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:
​تو بول اٹھے تو لفظ خوشبو، تو سوچ لے تو خیال خوشبو
تیرے تکلم سے بن گیا ہے جواب خوشبو، سوال خوشبو
​ادب کسی کی ذاتی میراث نہیں بلکہ خداداد صلاحیت ہے۔ کھوار ادب بھی اپنے روشن ستاروں سے جگمگا رہا ہے؛ ہر ستارہ اپنی جگہ تاباں ہے اور کھوار ادب کے آسمان کو منور کر رہا ہے۔ کھوار زبان کی ترویج و ترقی میں ادیبوں اور شاعروں نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ میں ہر ادیب، ہر شاعر اور ہر لکھاری کو اپنا استاد مانتا ہوں؛ جو بھی نیا، اچھا اور انوکھا لکھتا ہے، وہ کھوار ادب کا محسن اور میرے لیے قابلِ احترام ہے۔
​کھوار ادب ایسی ہی باکمال ہستیوں سے بھرا پڑا ہے۔ انہی میں ایک ایسی شخصیت ابھری جو خود بھی روشن ہوئی اور اپنے پیچھے ادب، شرافت، تخلیق اور خدمت کا ایک روشن جہان چھوڑ گئی۔ کھوار ادب انہیں مولانگاہ کے نام سے یاد کرتا ہے۔ مولانگاہ کا تعلق چترال کے ایک باوقار، ادب دوست خاندان سے تھا، جبکہ ان کی پیدائش کھوار ادب کے گہوارے، تریچ موڑکھو کی سرزمین پر ہوئی۔ ان کے والد جہانگیر لال معاملہ فہم، ادب نواز اور سماجی امور کے نبض شناس تھے۔ اس گھرانے میں ادب کی آبیاری ہوتی اور کھو تہذیب پروان چڑھتی رہی۔ مولانگاہ نے علم و ادب کی خوب تربیت پائی؛ اردو، فارسی، انگریزی اور پشتو زبانوں میں مہارت حاصل کی اور کھوار زبان کو گہرائی سے سمجھا۔ انہوں نے شعر و نثر میں قیمتی سرمایہ چھوڑا، اور یہی ادبی وراثت ان کی اولاد تک منتقل ہوئی۔ ان کے بڑے صاحبزادے محبوب الحق حقی کھوار کے معروف شاعر و ادیب ہیں، جبکہ دوسرے بیٹے پروفیسر ظہور الحق دانش جن کے بارے میں آج قلم اٹھایا ہے—چترال یونیورسٹی میں انگریزی ادب کے استاد، معروف شاعر اور ادیب ہیں۔ میں نے انہیں "ادیب زادہ" اس لیے کہا ہے کہ ادب ان کے والد کی روشن وراثت ہے جو ان میں بدرجۂ اتم موجود ہے۔
​ظہور الحق دانش نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں زوندرانگرام، تریچ کے ہائی اسکول سے حاصل کی، ڈگری کالج چترال سے بی اے کیا، اور پشاور یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں گریجویشن مکمل کی۔ چترال واپسی پر انہوں نے مختصر عرصے کے لیے تریچمیر اسکول میں تدریس کی—جہاں وہ میرے بیٹے کے محسن اور پسندیدہ استاد بھی رہے۔ بعد ازاں وہ چترال یونیورسٹی کی فیکلٹی میں شامل ہو گئے، جہاں انہوں نے محض انگریزی ادب کا نصاب ہی نہیں پڑھایا بلکہ نوجوان نسل کو زندگی کے سلیقے اور شعور سے بھی روشناس کرانا شروع کیا، اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
​پروفیسر دانش کرشماتی شخصیت کے مالک ہیں۔ لمبا قد کاٹھ، روشن و دلکش چہرہ، سرمگیں آنکھیں، جاذبِ نظر نقوش، موتیوں جیسے دانت، چہرے پر پھیلی ہوئی مسکراہٹ، کشادہ پیشانی اور وقار بھرے بال انہیں ایک مکمل ادیب و استاد کا روپ دیتے ہیں۔ ان کی گفتگو دل کو چھوتی ہے؛ یوں لگتا ہے جیسے ادبی وراثت نے ایک بار پھر نیا جنم لے لیا ہو۔ چترال یونیورسٹی کی ادبی محفلیں ان کے بغیر ادھوری معلوم ہوتی ہیں۔ اسٹیج پر ان کی موجودگی باوقار ہوتی ہے؛ پررعب اور لچھے دار آواز، لفظوں کا عمدہ انتخاب، مؤثر طرزِ خطابت اور شائستہ انداز انہیں نمایاں بناتا ہے۔
​وہ کھوار ادب کی مختلف اصناف کو انگریزی میں منتقل کر کے کھوار زبان کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرا رہے ہیں، اور کبھی کبھار انگریزی شاعری کے منتخب شاہکاروں کو کھوار کا جامہ بھی پہناتے ہیں۔ وہ مئیر کے سرگرم رکن ہیں، کھوار نصاب اور نصابی کتب کی تیاری میں حصہ لیتے ہیں، اور مختلف سیمینارز، سمپوزیمز اور علمی نشستوں میں کھوار کی نمائندگی کرتے ہیں۔ کھوار کے معروف اسکالر فرید احمد رضا کے اشتراک سے وہ کئی کھوار لوک کہانیوں کا Khowar Folktales کے عنوان سے انگریزی ترجمہ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے جہاندار شاہ کی کھوار شاعری "آرزوئے سحر" کا انگریزی میں Longing for Dawn کے نام سے ترجمہ کیا ہے۔ کھوار صوتیات پر ان کا کام زبان کی خدمت کی ایک اہم کڑی ہے۔ چوتھی انٹرنیشنل ہندوکش کلچرل کانفرنس کے چترال میں انعقاد میں بھی انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ انجمنِ ترقیِ کھوار میں مختلف ذمہ داریوں پر فائز رہے، مئیر کے سہ ماہی کھوار رسالے کی اشاعت میں شریکِ کار ہیں، اور ٹیکسالی کھوار کے تحفظ کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ انگریزی ادب میں ایم فل کرنے والے پروفیسر دانش انتھک محنتی، بلند معیار کے قائل اور پختہ عزم کے مالک ہیں؛ جو کام ٹھان لیں، اسے مکمل کر کے دم لیتے ہیں اور وقت کی قدر جانتے ہیں۔
​خوش گفتاری، خوش لباسی، شگفتہ مزاجی اور خوش اخلاقی ان کی شخصیت کا حصہ ہیں۔ انکساری، ملنساری اور رشتے ناطوں، دوست احباب اور اپنے والد کے رفقا کا لحاظ رکھنا "ادیب زادے" کا خاص وصف ہے۔ وہ کھوار ثقافت کے پاسدار ہیں اور لباس سے لے کر روایتی رسومات تک ہر پہلو کا خیال رکھتے ہیں۔ اگرچہ ان کا خاندان جدید تعلیم یافتہ ہے اور ان کی شریکِ حیات محکمۂ تعلیم میں ذمہ دار افسر ہیں، تاہم پروفیسر دانش نے اپنے گھرانے کو کھوار تہذیب و ثقافت کا امین بنا رکھا ہے۔
​ادیب زادہ سراپا محفل ہیں؛ بزلہ سنجی، لطافت، حاضر جوابی، مزاح اور شگفتہ بیانی ان کا خاصہ ہے۔ طلبہ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی بھرپور رہنمائی کرتے ہیں۔ ان کی زندہ دلی نمایاں ہے اور وہ ہر کام جذبے کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔ کھوار نظم اور غزل دونوں پر انہیں عبور حاصل ہے؛ منظر نگاری ہو یا ارفع خیالی، دونوں میدانوں میں ان کا اسلوب جداگانہ ہے۔
​ادیب زادے کے سامنے ابھی بہت سا سفر اور بہت سے امکانات باقی ہیں۔ انہیں چاہیے کہ اپنی توانائیاں اور صلاحیتیں پوری یکسوئی سے بروئے کار لائیں، تاکہ وہ ادبی تاریخ میں دوام پائیں اور ادب کے افق پر ایک تابناک ستارے کی صورت چمکیں۔ پروفیسر ظہور الحق دانش واقعی سراپا ادب ہیں، اس لیے ان کی تحسین کوئی مبالغہ نہیں بلکہ حقائق پر مبنی سچی رائے ہے، جس کے وہ بجا طور پر حقدار ہیں۔
​

Back to top button