تازہ ترین

لوئر چترال میں 12 دسمبر سے تین روزہ انسدادِ پولیو مہم، ڈی سی کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت

چترال چترال ایکسپریس) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ 12 سے 14 دسمبر تک جاری رہنے والی قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور سو فیصد کوریج یقینی بنائی جائے۔

اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر شمیم، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فرمان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فرمان نے مہم کی تیاریوں، ٹیموں کی تعیناتی، مائیکرو پلاننگ اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے بالخصوص ارندو اور دمیل کی وادیوں میں مقیم خانہ بدوش آبادیوں تک رسائی کے لیے موبائل ٹیموں، مقامی عمائدین اور سرحدی حکام کے باہمی تعاون سے مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں 24 نومبر کو اختتام پذیر ہونے والی 15 روزہ HPV ویکسینیشن مہم کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق لوئر چترال نے مجموعی حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں خیبر پختونخوا بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس کامیابی پر محکمہ صحت، ویکسینیٹرز اور سول سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آئندہ پولیو مہم بھی اسی جذبے اور باہمی تعاون سے کامیاب بنانے پر زور دیا۔

Back to top button