تازہ ترین

چترال کے معروف خطاط عزیز جلال الحسینی فنِ عظیم گولڈن ایوارڈ کے لیے نامزد

چترال کے فنکاروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے مبارکباد، گرم چشمہ میں فنِ خطاطی کے فروغ کے لیے ان کی خدمات قابلِ تحسین قرار

چترال (چترال ایکسپریس) چترال کے معروف خطاط اور آرٹسٹ عزیز جلال الحسینی کو پاکستان پینٹرز اینڈ آرٹسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ’’فنِ عظیم گولڈن ایوارڈ‘‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ رواں سال دسمبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں دیا جائے گا۔
ان کی نامزدگی پر چترال کی آرٹسٹ برادری، بالخصوص گرم چشمہ کے عوامی حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے چترال کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے اور انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
عزیز جلال الحسینی کا تعلق چترال کے سیاحتی علاقے گرم چشمہ کے گاؤں بشقیر سے ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے نجی سکول کے استاد ہیں اور اسلامی خطاطی سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد اور لاہور میں معروف اساتذہ کی سرپرستی میں اس فن کی باقاعدہ تربیت حاصل کی، جبکہ ان کے متعدد فن پارے ملکی سطح پر پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔
عزیز جلال الحسینی نے اپنے فن کو صرف اپنی ذات تک محدود رکھنے کے بجائے نوجوان نسل میں اس کے فروغ کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ گرم چشمہ کے سرکاری سکولوں، پامیر پبلک سکول اور الناصر پبلک سکول کے سینکڑوں طلبہ و طالبات ان سے خطاطی، اسکیچ، پینٹنگ اور پورٹریٹ بنانے کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے تعاون سے اب تک تین مرتبہ آرٹ اور خطاطی کی نمائشوں کا انعقاد کیا، جن میں طلبہ و طالبات کو اپنے فن پارے عوام کے سامنے پیش کرنے اور بھرپور داد وصول کرنے کا موقع ملا۔
عزیز جلال الحسینی کا عزم ہے کہ گرم چشمہ میں آرٹ اور خطاطی کی نمائشوں کو مزید وسعت دے کر نہ صرف اس فن کو فروغ دیا جائے بلکہ اسے سیاحت کی ترقی اور علاقے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنایا جائے۔

 

Back to top button