
چترال کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی بیس روزہ دورے پر کینیا روانہ ہوں گے
چترال (چترال ایکسپریس) چترال کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی امام کسائی ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ، نیروبی کی خصوصی دعوت پر جمعرات 26 نومبر کی صبح بیس روزہ دورے پر کینیا روانہ ہوں گے۔
دورۂ کینیا کے دوران قاری فیض اللہ چترالی امام کسائی ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کی سالانہ گریجویشن تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ مزید برآں، وہ دارالحکومت نیروبی سمیت کینیا کے مختلف شہروں میں قائم قرآنی مکاتب، مدارس اور دینی و تعلیمی مراکز کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تدریسی و دعوتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ اساتذہ، طلبہ اور اداروں کے ذمہ داران سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ کینیا میں دینی و قرآنی تعلیم کا یہ وسیع نظام جامعہ دارالعلوم کراچی کے سابق استاذِ تجوید حضرت قاری فضل الٰہی صاحب رحمہ اللہ اور ان کے تلامذہ کی شبانہ روز محنتوں کا ثمر ہے۔ اپر چترال کی تحصیل موڑکھو کے علاقے گہت سے تعلق رکھنے والے حضرت قاری فضل الٰہی صاحب رحمہ اللہ 1974ء میں کینیا تشریف لے گئے تھے۔ انہوں نے وہاں خود بارہ دینی ادارے قائم کیے، جبکہ ان کے شاگردوں نے ملک بھر میں تقریباً تین سو مدارس، حفظ و ناظرہ کے مکاتب اور بنین و بنات کے لیے درسِ نظامی کے جامع اداروں کی بنیاد رکھی۔
حضرت قاری فضل الٰہی صاحب رحمہ اللہ کی وفات کے بعد اس عظیم علمی و دینی مشن کو ان کے چھوٹے بھائی قاری حسین احمد (المعروف قاری حسین) اور صاحبزادے قاری رویس الٰہی بخوبی سنبھالے ہوئے ہیں۔ قاری حسین احمد ام القریٰ یونیورسٹی مکہ معظمہ اور مدینہ یونیورسٹی کے ممتاز فاضل ہونے کے ساتھ ساتھ رابطہ عالم اسلامی افریقہ کے ذمہ دار بھی ہیں اور نیروبی کی پانچ عرب مساجد میں خطباتِ جمعہ دیتے ہیں۔
قاری فیض اللہ چترالی کا شمار بھی حضرت قاری فضل الٰہی رحمہ اللہ کے ممتاز شاگردوں میں ہوتا ہے، اور ان کا یہ دورہ اسی علمی و دینی روایت سے وابستگی اور اس کے فروغ کا تسلسل ہے۔
