
ڈی سی چترال، راؤ ہاشم عظیم، کا ہوپ بورڈنگ اینڈ ایجوکیشن اکیڈمی کی طالبات سے ملاقات
چترال(چترال ایکسپریس)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، راؤ ہاشم عظیم، نے ہوپ بورڈنگ اینڈ ایجوکیشن اکیڈمی کی طالبات سے ڈپٹی کمشنر آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے ساتھ کیک کاٹا اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔
ملاقات کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے طالبات کو ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریوں کے بارے میں سوالات پر رہنمائی فراہم کی۔ ایک طالبہ کی ڈپٹی کمشنر بننے کی خواہش پر، ڈپٹی کمشنر نے اس کی حوصلہ افزائی کی اور اسے اپنی کرسی پر بٹھا کر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعلیم بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے طلباء کو اپنے مستقبل میں کامیابی کے لیے سخت محنت کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اکیڈمی کے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ معاشرے کی تعمیر میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

