
پروفیسر ڈاکٹر مولانا شاہ جنید احمد ہاشمی کا چترال کی قدیم درسگاہ میں سیرت النبی ﷺ پر روح پرور خطاب
چترال (چترال ایکسپریس)انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اصولِ دین کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شاہ جنید احمد ہاشمی نے اپنے حالیہ دورۂ چترال کے دوران خطیبِ شاہی مسجد چترال حضرت مولانا خلیق الزماں کاکاخیل اور دارالعلوم شاہی مسجد چترال کے استاذ الفنون مولانا مفتی ضیاء اللہ کے ہمراہ چترال کی قدیم ترین درسگاہ سنٹینیئل ماڈل ہائی سکول (بوائز) کا دورہ کیا۔
صبح کی اسمبلی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر شاہ جنید احمد ہاشمی نے اساتذہ و طلباء سے سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے نہایت پرمغز، پُراثر اور ایمان افروز خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا
“نبی کریم ﷺ تمام انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے۔ ہمیں مغرب کو اسلام کا اصل، روشن اور خوبصورت چہرہ دکھانا ہے۔ تم سب اس قوم کے مستقبل کے معمار ہو، تمہارے علم، کردار اور عمل سے ہی ملک و ملت کی تقدیر بدلے گی۔ حقیقی تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب ہم سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔”
ڈاکٹر شاہ جنید احمد ہاشمی نے طلباء کو علم و اخلاق کی بنیاد پر اپنی شخصیت سنوارنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ ہی انسانیت کے لیے کامل نمونہ حیات ہے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال مفتاح الدین بھی موجود تھے، جنہوں نے پروفیسر کے خطاب کو طلباء کے لیے نہایت مؤثر اور رہنمائی سے بھرپور قرار دیا۔
اس موقع پر سکول کے وائس پرنسپل شاہد جلال نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر شاہ جنید احمد ہاشمی نے ڈی ای او محترم مفتاح الدین ، پرنسپل سنٹینیئل ماڈل ہائی سکول (بوائز) عبدالباری اور دیگر معزز اساتذہ کو اپنی علمی کتب پیش کیں۔ یہ نشست علمی و روحانی اعتبار سے نہایت پُراثر ثابت ہوئی۔
اساتذہ و طلباء نے پروفیسر کے پُرمغز کلمات کو اپنی زندگیوں کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے علمی و فکری دورے نوجوان نسل کی فکری تربیت میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔


