
بونی بوزند روڈ پر اسفالٹ میں تاخیر: تورکہو کے عوام کا بونی پل پر شدید احتجاج، ٹریفک مکمل معطل
اپر چترال (جمشید احمد)بونی بوزند روڈ پر اسفالٹ بچھانے میں غیر معمولی تاخیر اور کام کی سست روی کے خلاف تورکہو کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ اور متعلقہ ٹھیکیدار کی عدم توجہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بونی پل کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا۔
پل کی بندش کے باعث بونی اور تورکہو کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ متعدد مسافر اور مریض راستے میں پھنس جانے کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
مظاہرین نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث گرد وغبار اور حادثات کا خطرہ روز کا معمول بن چکا ہے، لیکن حکام بالادست بار بار کی نشاندہی کے باوجود سنجیدہ اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
احتجاجی مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک اسفالٹ کا کام فوری شروع کرنے کی تحریری اور ٹھوس ضمانت فراہم نہیں کی جاتی، بونی پل پر دھرنا اور ٹریفک کی معطلی کا سلسلی بلا تعطل جاری رہے گا۔
