
اپر چترال: خیبر گولڈ کپ پولو ٹورنامنٹ اختتام پذیر، کوشٹ ‘اے’ نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا
اپر چترال (جمشیداحمد)اپر چترال کی خوبصورت وادی بونی میں جاری سنسنی خیز اور روایتی خیبر گولڈ کپ پولو ٹورنامنٹ تمام تر رعنائیوں اور جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ کوشٹ ‘اے’ اور ریشن ‘اے’ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں کوشٹ ‘اے’ نے
انتہائی جاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریشن ‘اے’ کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر فائنل ٹرافی اپنے نام کر لی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال معظم خان بنگش تھے۔ اس پروقار تقریب میں دیگر معزز مہمانوں کے علاوہ لیفٹیننٹ کرنل سلطان الدین، میجر اسد (چترال سکاؤٹس)، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اپر چترال شہناز بی بی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لوئر چترال قاضی محمد خالد، پولو ایسوسی ایشن کے صدر شمیم احمد، انتظامیہ کے افسران، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور بڑی تعداد میں سماجی و سیاسی شخصیات اور شائقینِ پولو نے شرکت کی۔
مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل معظم خان بنگش نے ٹورنامنٹ کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور فاتح ٹیم میں ٹرافیاں، شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر کوشٹ کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی عماد الدین کو ‘مین آف دی ٹورنامنٹ’ کے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ ریشن کے کھلاڑی بابر خوش آمد کے گھوڑے کو بہترین کارکردگی پر ‘بیسٹ ہارس
ایوارڈ’ دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر شہناز بی بی نے اپر چترال میں پولو کے فروغ اور کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اسپورٹس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے
خیبر پختونخوا میں پولو کے کھیل کو زندہ رکھنے اور اس کی سرپرستی پر ڈائریکٹر بورڈ اور کور کمانڈر پشاور کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
صدر پولو ایسوسی ایشن شمیم احمد نے اپنے خطاب میں تمام شائقین اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بہترین انتظامی امور پر ڈی جی اسپورٹس اور ڈی ایس او اپر چترال کی کوششوں کی تعریف کی اور مختلف پولو گراؤنڈز کی تعمیر و مرمت پر کور کمانڈر پشاور کا بالخصوص شکریہ ادا کیا۔
مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل معظم خان بنگش نے کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد دی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خطے میں پولو کے تحفظ، پولو گراؤنڈز کی تعمیر و نگہداشت اور اس روایتی کھیل کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچوں اور اختتامی تقریب کی سحر انگیز کمنٹری کے فرائض معروف پولو کمنٹیٹر ذوالفقار علی یفتالی نے احسن طریقے سے سر انجام دیے، جسے شائقین کی طرف سے بے پناہ داد ملی۔
