تازہ ترین

لوئر چترال پولیس کی 15 روزہ کارکردگی، 43 منشیات فروش گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان نے کہا ہے کہ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز کی خصوصی ہدایات پر لوئر چترال پولیس نے گزشتہ پندرہ روز کے دوران جرائم کے تدارک، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں، عوامی مسائل کے حل اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، جن کے نتیجے میں 43 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تقریباً 14 کلوگرام چرس سمیت افیون، آئس، ہیروئن اور 74 لیٹر دیسی شراب برآمد کی گئی ہے۔

ڈی پی او محمد خالد خان نے ڈی پی او آفس کے کانفرنس روم میں پولیس کی پندرہ روزہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران 13.895 کلوگرام چرس، 0.055 کلوگرام افیون، 0.562 کلوگرام آئس، 0.020 کلوگرام ہیروئن اور 74 لیٹر دیسی شراب برآمد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے اور لوئر چترال کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک شاٹ گن، تین پستول اور 67 کارتوس بھی برآمد کیے گئے، جبکہ چوری کے چار مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 8 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کی چھ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

ڈی پی او کے مطابق دروش کے علاقے شیشی کوہ میں پیش آنے والے اندھے قتل کے واقعے کا بھی پولیس نے پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے صرف 24 گھنٹوں میں سراغ لگایا اور واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

محمد خالد خان نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں، عمائدین اور عوامی نمائندوں کے مسائل سنے گئے اور متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔ اسی طرح تعلیمی اداروں میں آگاہی سیشنز اور مساجد میں عوامی اجتماعات کے ذریعے منشیات کے نقصانات، ذہنی دباؤ سے نمٹنے، نوجوان نسل کے تحفظ اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس جوانوں کے مسائل اور شکایات کے ازالے کے لیے پولیس دربار منعقد کیا گیا، جبکہ تمام تھانوں میں پولیس مددگار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ تھانوں میں آنے والے سائلین کو بہتر رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے ڈی پی او نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں میں نصب غیر قانونی لیزر لائٹس، تیز ایل ای ڈی اور فلیش لائٹس کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ اسی طرح کم عمر موٹر سائیکل سواروں اور غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جبکہ آتش بازی اور پٹاخوں کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے فائرنگ پریکٹس، جنرل پریڈ اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لیے ریفریشر کورس کا انعقاد بھی کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو بہتر پولیس سہولیات کی فراہمی کے لیے پولیس سہولت مرکز زرگراندہ کی تزئین و مرمت کا کام جاری ہے، جبکہ دروش میں بھی پولیس سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔

ڈی پی او محمد خالد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز کی ہدایات کے مطابق لوئر چترال پولیس جرائم کے خاتمے، منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل، عوام کے جان و مال کے تحفظ، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO