
سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل چترال کا ٹاؤن ہال اور دفاتر ٹی ایم اے چترال کے حوالے کر دیے گئے
چترال (چترال ایکسپریس)سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل (Defunct) چترال کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات کے قانونی جانشین تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) چترال کو سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کا ٹاؤن ہال اور دفاتر باقاعدہ طور پر
حوالے کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے تحت سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل چترال کے تمام منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات کا قانونی جانشین ٹی ایم اے چترال ہے، تاہم اثاثہ جات کی منتقلی اور تقسیم، بالخصوص سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کے دفتر اور ٹاؤن ہال کی حوالگی کا معاملہ تاحال زیر التوا تھا۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی خصوصی ہدایات پر آج سابقہ ڈسٹرکٹ کونسل کے ٹاؤن ہال اور دفاتر باقاعدہ طور پر ٹی ایم اے چترال کے حوالے کر دیے گئے، جسے ادارے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹی ایم اے چترال کی جانب سے اس اقدام پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر لوئر چترال کا شکریہ ادا کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کی خصوصی دلچسپی اور تعاون کے نتیجے میں طویل عرصے سے زیر التوا معاملہ حل ہو گیا ہے۔
