تازہ ترین

چترال میں مویشیوں کی بہتر نگہداشت، بروقت ویکسینیشن اور جدید طریقہ علاج اپنانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر غلام محمد

چترال (چترال ایکسپریس) ڈائریکٹر لائیو اسٹاک لوئر چترال ڈاکٹر غلام محمد نے کہا ہے کہ حیوانات ہمارے لیے سرمایہ اور اے ٹی ایم کارڈ کی حیثیت رکھتے ہیں، جنہیں ضرورت پڑنے پر فروخت کرکے مالی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں، جبکہ دودھ اور گوشت کی صورت میں ان سے حاصل ہونے والے فوائد الگ ہیں۔ تاہم افسوس کا مقام ہے کہ ان کی اہمیت کے باوجود مویشیوں کی مناسب پرورش اور نگہداشت پر مطلوبہ توجہ نہیں دی جارہی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آیون ویٹرنری ہسپتال میں انٹیگریٹڈ لائیو اسٹاک ڈویلپمنٹ پروجیکٹ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ آگہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں مقامی زمینداروں اور مال مویشی پالنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر غلام محمد نے کہا کہ جانوروں کو بروقت ادویات اور ویکسین فراہم کرنے سے نہ صرف ان کی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ جسمانی نشوونما، دودھ کی پیداوار اور مجموعی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ تاہم زمینداروں کی عدم دلچسپی اور ضروری آگہی کی کمی کے باعث وہ اپنے مویشیوں سے مطلوبہ پیداوار حاصل نہیں کرپاتے۔ انہوں نے بتایا کہ کراس بریڈنگ کے ذریعے چترال میں بہتر نسل کی گائیں پیدا ہوئی ہیں جو روایتی نسل کے مقابلے میں کہیں زیادہ دودھ دیتی ہیں۔ یہ بھی خوش آئند امر ہے کہ ان کے بقول 99 فیصد مادہ بچھڑیاں پیدا ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات معمولی قیمت کی ادویات بروقت فراہم نہ کرنے کے باعث لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی مویشیوں سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے۔ انہوں نے مقامی سطح پر جانوروں کے لیے معیاری خوراک (فیڈ) تیار کرنے اور مویشی خانوں میں گوبر کی باقاعدہ صفائی کو بھی ضروری قرار دیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر امداد اللہ، فوکل پرسن ڈسٹرکٹ پروجیکٹ ’’احساس بے زبان صحت گاڑی‘‘ انٹیگریٹڈ لائیو اسٹاک ڈویلپمنٹ پروجیکٹ فیز ون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے تحت فراہم کردہ موبائل لیبارٹری گاڑی میں خون اور دودھ کے ٹیسٹ کے علاوہ الٹراساؤنڈ کی سہولت بھی موجود ہے، جس کے ذریعے جانوروں کے حاملہ ہونے اور مختلف بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن ہے۔ یہ سہولیات حکومت کی جانب سے زمینداروں کو فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان میں جانوروں کی کئی نئی بیماریاں سامنے آئی ہیں، جن میں لمپی سکن بیماری بھی شامل ہے جو چترال اور آیون تک منتقل ہوچکی ہے۔ اس بیماری میں جانوروں کے جسم پر دانے نکل آتے ہیں اور بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت ویکسینیشن اس بیماری سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آیون میں بیماری کی روک تھام کے لیے ڈاکٹر سرور حسین کی بروقت کوششوں کو سراہا۔

انچارج ویٹرنری ہسپتال آیون ڈاکٹر سرور حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ تقریباً 80 فیصد حیواناتی بیماریاں زمینداروں کی بے توجہی اور غفلت کے باعث پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے مویشیوں کو سال میں چار مرتبہ کیڑے مار ادویات پلانے، ضروری ویکسینیشن کرانے، صاف اور متوازن خوراک فراہم کرنے اور مویشی خانوں کی صفائی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ زمیندار اگر سائنسی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی معلومات اور ہدایات پر عمل کریں تو جانوروں کی بیماریوں اور اموات میں کمی لانے کے ساتھ ان کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

سابق چیئرمین یونین کونسل آیون نے اپنے خطاب میں سیکرٹری لائیو اسٹاک، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر غلام محمد، ڈاکٹر امداد اللہ اور ڈاکٹر سرور حسین کا آگہی پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے آیون کی خواتین کے لیے بھی اسی نوعیت کے آگہی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پروگرام کے اختتام پر ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر غلام محمد نے شرکاء میں مویشیوں کے لیے ادویات بھی تقسیم کیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى