
لوئر چترال میں 123 کلو چرس، آئس، افیون، ہیروئن اور 153 لیٹر شراب تلف
چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال پولیس نے مختلف مقدمات کے دوران ایک سال کے عرصے میں برآمد کی گئی بھاری مقدار میں منشیات اور شراب عدالتی احکامات کے تحت تلف کر دی۔ اس موقع پر سینئر سول جج (ایڈمن) سید فرقان مشوانی، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن حضرت الدین اور
ڈی ایس پی لیگل شیر محسن الملک موجود تھے۔
پولیس کے مطابق لوئر چترال کے مختلف تھانوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران منشیات کے خلاف درج مقدمات میں برآمد ہونے والی مجموعی طور پر 123 کلو گرام چرس، 800 گرام آئس، 700 گرام افیون، 1200 گرام ہیروئن اور 153 لیٹر دیسی شراب کو کھلے مقام پر عدالتی نمائندوں کی موجودگی میں آگ لگا کر تلف کر دیا گیا۔
اس موقع پر منشیات کی تلفی کا عمل قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے اور نوجوان نسل کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
