تازہ ترین

لوئرچترال پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں: دو ملزمان گرفتار، چرس برآمد

​چترال (چترال ایکسپریس):ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز کے خصوصی احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) کی ہدایات کی روشنی میں لوئر چترال پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں سٹی اور دروش پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کلوگرام سے زائد چرس برآمد کرلی ہے۔

​تفصیلات کے مطابق، ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ اور ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال سب انسپکٹر بلبل حسن کی سربراہی میں اے ایس آئی نور خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم رحمت زمان سکنہ گلوغ دنین کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 640 گرام چرس برآمد کی گئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ سٹی چترال میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

​ادھر دوسری کارروائی میں، ایس ڈی پی او سرکل دروش سجاد حسین اور ایس ایچ او تھانہ دروش سب انسپکٹر حیدر حسین کی قیادت میں آئی ایچ سی محمد باسط خان اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمران احمد سکنہ حکیم آباد دروش کو دبوچ لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 820 گرام چرس برآمد کی گئی۔ دروش پولیس نے بھی ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

​عوام نے ضلعی پولیس سربراہ محمد خالد خان (PSP) کی قیادت میں منشیات کے خلاف جاری اس مہم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے یہ کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

زر الذهاب إلى الأعلى