
پی ایف سی اوز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ، بی ایم پی اور آر سی یو کے درمیان رابطہ کاری کا مطالبہ
چترال (چترال ایکسپریس ) کوآپریٹیو سوسائٹی آفس چترال میں نو تعینات اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹیو صاحبزادہ احسان اللہ کی زیر صدارت اپر اور لوئر چترال کے 18 رجسٹرڈ پروفیشنل فارمرز کوآپریٹیو آرگنائزیشنز (پی ایف سی اوز) کے عہدے داروں کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیموں کو درپیش انتظامی اور مالی مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں
پی ایف سی اوز کے صدور، جنرل سیکرٹریز، فنانس سیکرٹریز اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ رجسٹرار نے پی ایف سی اوز کے بائی لاز پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ 58 ارب روپے کا ایک بڑا منصوبہ ہے، جس کا بنیادی مقصد شفافیت کے ساتھ ایگری بزنس کو فروغ دینا اور دیہی علاقوں کے عوام کی زندگیوں میں معاشی تبدیلی اور خوشحالی لانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی مالی بے ضابطگی بدعنوانی کے زمرے میں آئے گی، خواہ اس کا تعلق بزنس پلان کے تحت سامان کی خریداری، ملازمین کی تنخواہوں یا دیگر اخراجات سے ہو۔ ان تمام معاملات کے حسابات کی وقتاً فوقتاً جانچ پڑتال کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران پی ایف سی اوز کے نمائندوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال کے دوران فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث بعض تنظیموں کو اپنے اسٹاف کی تنخواہیں ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ بی ایم پی، آر سی یو اور کوآپریٹیو آفس کی جانب سے الگ الگ ہدایات اور احکامات جاری ہونے سے بھی غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ فنڈز منجمد ہونے اور بعض ملازمین کی تنخواہوں کی بندش کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔
نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ، بی ایم پی اور آر سی یو کے ذمہ داران مشترکہ اجلاس منعقد کرکے ایک واضح طریقہ کار وضع کریں، تاکہ پی ایف سی اوز کو معلوم ہو کہ وہ کس ادارے کے احکامات اور رہنمائی کے پابند ہیں۔
اس پر اسسٹنٹ رجسٹرار صاحبزادہ احسان اللہ نے موقف اختیار کیا کہ پی ایف سی اوز کے بائی لاز کے مطابق بی ایم پی اور آر سی یو کا ان تنظیموں کے ساتھ براہ راست انتظامی تعلق نہیں ہے، بلکہ پی ایف سی اوز صرف کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کے پابند ہیں، جبکہ دیگر دونوں اداروں کا کردار محض سہولت کار کا ہے اور انہیں ہدایات یا احکامات جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
پی ایف سی اوز کے نمائندوں نے خبردار کیا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان اختیارات اور ذمہ داریوں کے حوالے سے کھینچا تانی جاری رہی اور اس کے نتیجے میں منصوبہ متاثر ہوا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
اجلاس میں بزنس پلان کے تحت مختلف اشیاء کی خریداری کے لیے نامزد وینڈرز کے نرخوں اور مارکیٹ ریٹس میں نمایاں فرق کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ نمائندوں کا کہنا تھا کہ بعض اشیاء کے لیے مقررہ وینڈرز کے نرخ مارکیٹ کے مقابلے میں انتہائی زیادہ ہیں، اس لیے پی ایف سی اوز کو پابند کرنے کے بجائے انہیں مناسب آزادی دی جائے تاکہ وہ مارکیٹ سے معیاری اشیاء کم قیمت پر خرید سکیں اور منصوبے کے فنڈز کا بہتر استعمال ممکن ہو۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام 18 پی ایف سی اوز کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور انہیں رجسٹریشن سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم بعض تنظیموں کا اسٹاف گزشتہ ایک سال سے تنخواہیں وصول کر رہا ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں تاحال بزنس فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔ جن تنظیموں کو فنڈز جاری ہوئے ہیں، انہیں بھی ان کے استعمال میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
پی ایف سی اوز کے عہدے داروں نے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی ترقی اور عوامی مفاد کے لیے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کی خدمات اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
